عام انتخابات اگلی عید سے پہلے ہوں گے، عمران
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اگلی عید سے پہلے عام انتا بات کی پیشن گوئی کر دی۔
ہفتہ کو یہاں دھرنے میں اپنے حامیوں سے خطاب میں ان کا کہنا تھا 'اگلی عید سے پہلے ہونے والے الیکشن جیت کر ہم حکومت بنائیں گے'۔
انہوں نے کہا کہ زندگی میں کوئی شارٹ کٹ نہیں ہوتا اور ان کی بطور کرکٹر کامیابی کے پیچھے جی ایچ کیو کا ہاتھ نہیں۔
عمران کے مطابق، بہت سے سیاسی رہنما پاکستان میں موروثی سارست کی پیداوار ہیں۔ پی ایم ایل- نون کے قائدین سیاست میں 'زیادہ جدو جہد' کے بغیر ہی حکمرانی کر رہے ہیں۔
'جنرل جیلانی سے پہلے نواز شریف کو کوئی نہیں جانتا تھا اور جنرل ضیاء الحق انہیں سیاست میں لے کر آئے'۔
پی ٹی آئی سربراہ کا کہنا تھا کہ مفتی محمود اور باچا خان اصل رہنما تھے جبکہ مولانا فضل ارحمان اور اسفندیار ولی صرف اپنے بڑوں کی وجہ سے سیاست دان بن گئے۔
انہوں نے کہا ہے کہ آصف علی زرداری اپنی بیوی بے نظیر بھٹو کی موت کے بعد لیڈر بنے۔
'کیا آپ کو لگتا ہے کہ ایک مرنے والے سیاست دان کی وصیت پر لیڈربنا جا سکتا ہے؟'
عمران کے مطابق: یہ ممکن ہی نہیں کہ کوئی اپنی وصیت میں یہ لکھے کہ میری موت کے بعد میرا شوہر یا بیٹا آپ لوگوں کا لیڈر ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ موروثی سیاست سے کوئی بھی بڑا لیڈر نہیں بن سکتا۔
انہوں نے دعوی کیا کہ حکومت نے دھرنوں کے دباؤ میں آ کر پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کی اور پی ٹی آئی حکومت کو بجلی کے نرخ بھی کم کرنے پر مجبور کر دے گی۔