مسجد الحرام کا توسیعی حصہ حاجیوں کے لیے کھول دیا گیا
جدّہ: عرب نیوز کی رپورٹ کے مطابق شاہ عبداللہ کے حکم پر مسجد الحرام کا توسیع شدہ حصہ عازمین حج کے لیے کھول دیا گیا ہے۔
اس سال حج ادا کرنے والے بیس لاکھ سے زیادہ عازمین مسجد الحرام کے اس نو تعمیر توسیعی حصے کو استعمال کرسکیں گے۔
شاہی ہدایات کے تحت، عازمین حج مسجد کے توسیع شدہ حصے کے اندر اور کنگ عبداللہ حرم توسیعی منصوبے کے شمالی، مغربی، جنوبی اور مشرقی حصوں کے صحنوں میں نماز ادا کرسکیں گے۔
اس منصوبے کا تقریباً 67 فیصد حصہ مکمل ہوچکا ہے۔
شاہ عبداللہ نے حکام کو مطاف یا کعبہ کے اردگرد طواف کے توسیعی حصہ کو کھولنے کی ہدایت بھی دی ہے۔
مسجد الحرام کے توسیعی منصوبے پر کام جاری ہے۔ —. فوٹو اوپن سورس میڈیا |
مسجد الحرام اور مسجدِ نبوی کی نگران محکمہ کے سربراہ شیخ عبدالرحمان السدیس نے ان احکامات پر شاہ عبداللہ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس کی وجہ سے مسجد کے اندرونی حصے میں بھیڑ کم ہوجائے گی اور عازمین کو مذہبی رسومات کی باآسانی ادائیگی میں مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ کنگ عبداللہ پروجیکٹ مسجد کی گنجائش کو بیس لاکھ نمازیوں تک بڑھا دے گا، جبکہ مطاف میں 52 ہزار سے ایک لاکھ تیس ہزار افراد فی گھنٹہ کی گنجائش ہوگی۔
شیخ عبدالرحمان السدیس کا کہنا تھا کہ اس منصوبے میں اعلٰی معیار کا الیکٹرک، میکینکل اور ایئرکنڈیشننگ کا نظام استعمال کیا جارہا ہے۔
انہوں نے بتایا ’’اس منصوبے میں مطاف کے نزدیک معذور افراد کے لیے ایک خصوصی فلور کی تعمیر بھی شامل ہے۔‘‘