جاوید ہاشمی کی پی ٹی آئی رکنیت معطل
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اپنے صدر مخدوم جاوید ہاشمی کی پارٹی رکنیت معطل کرکے انہیں اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کر دیا ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق جاوید ہاشمی کو اظہار وجوہ کا نوٹس پارٹی کے سیکریٹری جنرل جہانگیرترین نے جاری کیا جس میں کہا گیا ہے کہ جاوید ہاشمی 19 ستمبر کو پارٹی سیکریٹریٹ میں آ کر وضاحت پیش کریں۔
پاکستان کی سیاست میں باغی کے نام سے پہچانے جانے والے اور "ہاں میں باغی ہوں" کتاب کے مصنف جاوید ہاشمی نے 2011 میں تحریک انصاف میں اس وقت شمولیت اختیار کی جب تحریک انصاف کی مقبولیت اپنے عروج پر تھی۔
چودہ اگست سے شروع ہونے والے پی ٹی آئی کے آزادی مارچ میں عمران خان کے پارلیمنٹ اور ایوان وزیراعظم کی جانب پیش قدمی کے اعلان کے بعد جاوید ہاشمی کے اپنی پارٹی سے اختلاف ہو گئے تھے اور انہوں نے اس عمل سے علیحدگی اختیار کر لی تھی۔
بعد ازاں جاوید ہاشمی نے اپنی پارٹی اور قیادت پر حکومت گرانے کے الزامات عائد کیے جنہیں تحریک انصاف کی جانب سے مسترد کردیا گیا۔
جاوید ہاشمی کے بیانات کے بعد پارٹی چیئرمین عمران خان نے ان سے راستے جدا کرنے کا اعلان بھی کیا تھا جب کہ شاہ محمود قریشی نے انہیں کراچی میں جلسے کے دوران "داغی" کا لقب دیا۔۔
پارٹی رکنیت کی معطلی کا اعلان بھی جاوید ہاشمی کے انکشافات کا رد عمل ہے۔