مسلم لیگ (ن) کے عرفان اللہ مروت کی رکنیت ختم
کراچی: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کراچی کے حلقہ پی ایس 144 سے کامیاب ہونے والے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکن عرفان اللہ مروت کی صوبائی اسمبلی کی رکنیت ختم کرکے ان کی کامیابی کا نوٹیفکیشن واپس لے لیا ہے۔
ڈان نیوز ٹی وی کی ایک رپورٹ کے مطابق الیکشن کمیشن نے دھاندلی کے الزامات کے تحت عرفان اللہ مروت کی رکنیت ختم کی ہے۔
یاد رہے کہ کراچی کے علاقے محمودآباد پی ایس 114 سے مسلم لیگ (ن) کے عرفان اللہ مروت کی کامیابی کو متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے رؤف صدیقی نے چیلنج کیا تھا ۔
عام انتخابات میں پی ایس 114 سے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے امیدوار رؤف صدیقی کو سابق صدر غلام اسحاق خان کے داماد اور مسلم لیگ نواز کے رہنما عرفان اللہ خان مروت سے سات ہزار ووٹوں کے فرق سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
رؤف صدیقی نے الزام عائد کیا تھا کہ مروت نے حلقے کے پولنگ اسٹاف کو یرغمال بنا کر انتخابات میں دھاندلی کرتے ہوئے انتخابی ضابطوں اور قوانین کی شدید خلاف ورزی کی۔
ایم کیو ایم رہنما کی اس شکایت کو مدنظر رکھتے ہوئے الیکشن ٹریبونل نے نادرا کو ہدایت کی تھی کہ وہ پی ایس- 114 کے کچھ پولنگ اسٹیشنز پر ڈالے گئے ووٹوں کے انگوٹھے کے نشانات کی تصدیق کرے۔
الیکشن کمیشن نے عرفان اللہ مروت کی کامیابی کا نوٹیفکیشن واپس لیتے ہوئے پی ایس 114میں دوبارہ انتخاب کا حکم دیا تھا۔
تبصرے (1) بند ہیں