'ہندوستان مزدوروں، کسانوں، ماؤں بہنوں اور سائنسدانوں نے بنایا'
نئی دہلی: ہندوستان کے 68ویں یومِ آزادی کے موقع پر آج صبح لال قلعہ پر پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی۔ اس موقع پر وزیر اعظم نریندرا مودی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں آپ کے درمیان وزیر اعظم نہیں خادم کے طور پر موجود ہوں۔
انہوں نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ ہر ہندوستانی کے دل میں قومی مفاد کو اولیت دینے کا جذبہ بیدار ہوجائے۔
وزیراعظم مودی نے کہا کہ ہندوستان کو سیاستدانوں، حکمرانوں اور حکومتوں نے نہیں بنایا، اس کو مزدوروں، کسانوں، ماؤں بہنوں اور سائنسدانوں نے بنایا ہے۔
انہوں نے کہا یہ اس ملک کی عظمت ہے کہ غریب خاندان کے بیٹے کو آج لال قلعہ پر ہندوستانی پرچم لہرانے کا موقع ملا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں آزادی کی جنگ میں شہید ہونے والوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔
مودی نے کہا کہ ہم اکثریت کے بل پر نہیں بلکہ اتفاق کے ساتھ آگے بڑھنے والے لوگ ہیں۔ ہم صرف عوامی حمایت کی بنیاد پر نہیں بلکہ باہمی رضامندی سے آگے بڑھنا چاہتے ہیں۔ ہم نے درمیان کی دیواروں کو گرانے کی کوششیں شروع کی ہیں۔ ہم ایک ساتھ چلیں، ایک ساتھ سوچیں اور قوم کو آگے بڑھانے کے لئے ایک ساتھ مصروف عمل ہوں۔
ہندوستانی وزیراعظم نے کہا کہ جب ملک میں آبروریزی کے واقعات ہوتے ہیں تو ہمارا سر شرم سے جھک جاتا ہے۔ اس ملک میں والدین اپنی بیٹیوں سے سینکڑوں سوال پوچھتے ہیں، لیکن کیا بیٹوں سے بھی سوالات پوچھے جاتے ہیں؟ آبروریزی کرنے والا بھی تو کسی کا بیٹا ہی ہوتا ہے۔
ہندوستان میں جاری نسلی فسادات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ خون بہانے سے زمین سرخ ہوتی ہے، لیکن کندھے پر ہل رکھا ہو تو ہریالی آتی ہے۔
ملک میں لڑکیوں کی تعداد میں کمی سے پریشان مودی نے ڈاکٹروں سے جذباتی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اپنی تجوری بھرنے کے لیے کسی بیٹی کو اس کی ماں کی کوکھ میں ہلاک نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ کے دولتِ مشترکہ کے کھیلوں میں ہندوستان کے لیے میڈل جیتنے والوں میں 29 بیٹیاں بھی شامل تھیں۔
مودی نے کہا ’’ڈاکٹروں سے میری درخواست ہے کہ وہ اپنی تجوری بھرنے کے لئے کسی ماں کے پیٹ میں پروان چڑھنے والی بیٹیوں کو ہلاک نہیں کریں۔ نہ ہی مائیں بیٹے کی آس میں بیٹیوں کو قربان کریں۔‘‘
مودی نے کہا کہ غریب خاندانوں کے لیے ایک لاکھ روپے تک کے انشورنس کو یقینی بنایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستان ایک ایسا ملک ہے، جہاں دنیا بھر میں نوجوانوں کی سب سے زیادہ تعدادپائی جاتی ہے۔کیا ہم نے کبھی اس سے فائدہ اٹھانے کے لیے غور کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں دنیا کی تمام بڑی طاقتوں سے کہنا چاہتا ہوں کہ آئیے ہندوستان میں تعمیر کیجیے (کم، میک ان انڈیا)۔ دنیا کے ہر كونے میں میڈ ان انڈیا پہنچانا ہمارا خواب ہے۔
اس سے پہلے سر پر سرخ رنگ کی پگڑی پہنے وزیراعظم مودی نے راج گھاٹ پہنچ کر مہاتما گاندھی کو سلام پیش کیا۔ اس کے بعد مودی لال قلعہ پہنچے، جہاں انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ اس کے بعد وزیر اعظم نے لال قلعہ پر ہندوستانی پرچم لہرایا۔