لاہور:ہلاک پولیس اہلکار کے لواحقین کیلئے ایک کروڑ امداد کا اعلان
لاہور: پنجاب کے وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے پاکستان عوامی تحریک(پی اے ٹی) کے کارکنوں سے تصادم میں ہلاک ہونے والے پولیس اہلکار کے اہلخانہ کے لیے ایک کروڑ روپے کی امداد کا اعلان کیا ہے۔
وزیر اعلیٰ ہائوس سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق زخمی اہلکاروں کو 5،5 لاکھ روپے امدادی رقم دی جائے گی۔
شہبازشریف کا کہنا تھا کہ پی اے ٹی کے کارکنوں کے تشدد سے ہلاک ہونے والے اہلکار کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
یاد رہے کہ سرگودھا میں موٹر وے پر بھیرہ انٹر چینج پر پاکستان عوامی تحریک کے کارکنوں اور پولیس میں تصادم ہوا تھا جس میں کانسٹیبل محمد فیاض ہلاک ہوا تھا۔
پولیس نے بتایا ہے کہ محمد فیاض ایلیٹ فورس کا اہلکار تھا۔
واضح رہے کہ موٹر وے پر بھیرہ انٹر چینج پر پی اے ٹی کے اہلکاروں نے قبضہ کر لیا تھا جس کے بعد وہاں موجود پولیس کی متعدد گاڑیوں کو بھی نذر آتش کیا گیا تھا۔
ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق بھیرہ انٹر چینج پر پاکستان عوامی تحریک کے کارکنوں نے 5 پولیس اہلکاروں کو تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔
علاوہ ازیں گوجرانوالہ میں پولیس کے اعلیٰ افسر سمیت 55 اہلکار اور جہلم میں بھی پولیس کانسٹیبلز زخمی ہوئے تھے۔
تبصرے (3) بند ہیں