• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

کراچی: رینجرز کی کارروائی میں کالعدم تنظیم کا رکن ہلاک

شائع July 25, 2014
۔ —. فائل فوٹو
۔ —. فائل فوٹو

کراچی: پاکستان کے صنعتی دارالحکومت کے مضافاتی علاقے مچھر کالونی میں رینجرز نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کی، مبینہ مقابلے کے دوران کالعدم تنظیم کا اہم کارندہ ہلاک ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق مچھر کالونی میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر رینجرز نے چھاپہ مارا۔ وہاں موجود مبینہ دہشت گردوں نے رینجرز کودیکھتے ہی فائرنگ شروع کردی۔

ڈان نیوز ٹی وی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ رینجرز کی جوابی فائرنگ سے کالعدم تحریک طالبان کا ایک اہم رکن نعمان الیاس عرف نومی ہلاک ہوگیا۔

رینجرز کےمطابق نعمان عرف نومی کا تعلق کالعدم تحریک طالبان سے تھا، اور وہ کامرہ ایئربیس حملے میں ملوث تھا۔

دوسری جانب کراچی کے علاقے قائدآباد میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دو ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کرلیا۔

ڈان نیوز کے مطابق پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ہونے والے ٹارگٹ کلرز وصی اور احمد بیس افراد کے قتل میں ملوث ہیں۔

پولیس نے ان کے پاس سے اسلحہ اور دستی بم بھی برآمد کرکے اپنے قبضے میں لے لیا ہے۔

اس کے علاوہ کل دن بھر شہر کے دیگر علاقوں میں بھی قتل و غارتگری کے واقعات جاری رہے، جن میں پرانی سبزی منڈی میں فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہو گیا،مقتول کی شناخت رضوان کےنام سے ہوئی ہے۔

کلاکوٹ کےعلاقے میں پولیس نے کارروائی کرکے ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا، پولیس کے مطابق اس کے پاس سے اسلحہ اورمنشیات بھی برآمد ہوئی ہے۔

قائد آباد میں فائرنگ کے ایک واقعے میں ڈی ایس پی زخمی ہوگئے۔ جبکہ میٹھادر پولیس نے مقابلے کے بعد ایک بھتہ خور کو گرفتار کرکے اس کے پاس سے اسلحہ برآمد کرلیا۔

لیاقت آباد نمبر تین میں نامعلوم مسلح افراد نے بریانی فروش علی رضا کوفائرنگ کرکے ہلاک کردیا۔ اپنی کارروائی پوری کرکے مسلح افراد با آسانی فرار ہوگئے۔ فائرنگ سے علاقے میں بھگدڑ مچ گئی، خوف و ہراس پھیل گیا اور دکانیں بند ہوگئیں۔

دکانداروں نے علی رضا کی لاش کو اپنی مدد آپ کے تحت عباسی شہید اسپتال منتقل کیا۔ مقتول کے بھائی کا کہنا تھا ان کی کسی سے دشمنی نہیں ہے۔

دوسری جانب ایف سی ایریا میں ہیئر ڈریسر شاپ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ ﷽ کے نتیجے میں اقبال اور طارق نامی دو افراد ہلاک جبکہ ایک سات سات سالہ بچہ زخمی ہوا۔

لیاقت آباد ڈاکخانے کے بھرے بازار میں فائرنگ کاایک اورواقعہ پیش آیا۔ جہاں معروف گول گپّے کی دکان کے مالک ذاکر کو سرعام گولیاں مار دی گئیں۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ یہاں سے ایک تھانہ چند قدم اور دوسرا کچھ فاصلے پر واقع ہے، اس کے باوجود حیرت انگیز طور پر قاتل فرار ہوگئے۔

قائد آباد میں موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے ڈی ایس پی الفلاح طارق چوہدری زخمی ہوگئے، انہیں زخمی حالت میں نجی اسپتال منتقل کردیا گیا۔

متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کراچی میں قتل و غارتگری کے واقعات پر غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہریوں کو اپنی مدد آپ کے تحت امن کمیٹیاں بنانا ہوں گی۔

واضح رہے کہ کراچی میں جرائم پیشہ عناصر، بھتہ خوروں اور دہشت گردوں کے خلاف رینجرز اور پولیس کا مشترکہ آپریشن بھی جاری ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024