نواز شریف کی سعودی عرب روانگی،سعودی قیادت سے اہم ملاقات ہوگی
اسلام آباد: وزیر اعظم نواز شریف سعودی عرب روانہ ہو رہے ہیں جہاں وہ عمرے کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ اعلیٰ سعودی قیادت سے مختلف امور پر تبادلہ خیال بھی کریں گے۔
وزیر اعظم ہاوس سے اتوار کی شام جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق نواز شریف عمومی پرواز سے اپنے خاندان کے 12 افراد کے ہمراہ سعودی عرب جائیں گے۔
اعلامیے کے مطابق وزیر اعظم اور ان کے خاندان کے افراد ذاتی اخراجات پر یہ دورہ کر رہے ہیں۔
دورے کے دوران وزیر اعظم اعلیٰ سعودی قیادت سے ملاقات کریں گے جس میں دو طرفہ تعلقات کے ساتھ ساتھ مشرق وسطیٰ خاص طور پر غزہ، عراق اور شام کی صورتحال پر تبادلہ خیال کریں گے۔
نواز شریف کے انتہائی قریبی مسلم لیگی ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف اس دورے کے دوران اعلیٰ سعودی قیادت سے پاکستانی کی داخلی سیاست پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔
ذرائع کے مطابق جن معاملات کو زیر بحث لایا جائے گا ان میں پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کا لانگ مارچ، سابق صدر جنرل(ر) پرویز مشرف کے خلاف جاری کیس اور شمالی وزیرستان آپریشن شامل ہیں۔
تبصرے (1) بند ہیں