• KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm

مودی کے جرمنی پہنچنے پر بھی مرکل سے ملاقات نہیں ہو گی

شائع July 9, 2014
فوٹو ۔ ۔ ۔ اے پی
فوٹو ۔ ۔ ۔ اے پی

نئی دہلی: ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی کے جرمنی پہنچنے پر بھی جرمن چانسلر انجیلا مرکل سے ملاقات نہیں ہو سکے گی کیونکہ 13 جولائی کو انجیلا مرکل جرمن ٹیم کے ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچنے پر برازیل جائیں گی۔

ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی براکس BRICS(برازیل، روس، انڈیا، چین اور ساوتھ افریقہ) کے اجلاس میں شرکت کے لیے جرمنی کے راستے برازیل جائیں گے۔

جرمنی کی چانسلر اتوار کی شب اپنی ٹیم کا میچ دیکھنے برازیل جائیں گی یہ اعلامیہ جرمن صدر جوشم گاک کے دفتر سے جاری کیا گیا ہے جس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ جرمن صدر بھی ان کے ہمراہ میچ دیکھنے برازیل جائیں گے۔

چانسلر مرکل اسی روز برازیل روانہ ہوں گی جس دن ہندوستان کے وزیر اعظم جرمنی پہنچیں گے، اس لیے وہاں کسی ملاقات کا امکان نہ ہونے کے برابر ہے کیونکہ توقع یہی کی جا رہی ہے کہ نریندر مودی جرمن چانسلر کے علاوہ کسی اور سے دو طرفہ تعلقات کے حوالے سے ملاقات پسند نہیں کریں گے۔

واضح رہے کہ براکس کا اجلاس 15 سے 17 جولائی تک برازیل میں ہوگا، براکس ترقی کی جانب گامزن ان پانچ معیشتوں کی تنظیم ہے جو باہمی تعلق کو فروغ دینے کے مقصد کے لیے بنائی گئی ہے۔

اتوار کو ہونے والے ورلڈ کپ کے فائنل میچ پر یہ دوسرا موقع ہو گا جب جرمن چانسلر اس ٹورنمنٹ میں اپنی ٹیم کو داد دینے کے لیے آئیں گی اس سے قبل گزشتہ ماہ ٹورنمنٹ کے ابتداء میں جرمنی کے پہلے میچ بھی چانسلر مرکل نے شرکت کی تھی،اس میچ میں جرمن ٹیم نے پرتگال کے خلاف 4-0 سے کامیابی حاصل کی تھی۔

ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں منگل کے روز جرمنی نے برازیل کو 1-7 کی بدترین شکست دی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024