ایک ولن' کی خاص باتیں'
ستائیس جون کو بولی وڈ فلم 'ایک ولن' ریلیز ہوگئی ہے، جس میں سدھارتھ ملہوترہ، شردھا کپور اور رتیش دیش مکھ جلوہ گر ہوئے ہیں۔
ابھی یہ تو کہا نہیں جاسکتا کہ پہلے روز یہ کس حد تک شائقین کے دلوں کو بھائی مگر اس کی کچھ خاص باتیں ہم آپ کے ساتھ ضرور شیئر کرسکتے ہیں جو آپ کو اسے دیکھنے پر مجبور کردیں گی۔
سدھارتھ ملہوترہ اور شردھا کپور کی کمیسٹری
ٹی وی اسکرینز پر جب سے 'ایک ولن' کے پروموز نشر ہونا شروع ہوئے، لوگ مسلسل اس فلم کے ہیرو اور ہیروئین کی کیمسٹری کو سراہ رہے ہیں۔ سدھارتھ اور شردھا کے درمیان جادوئی کیمسٹری نے فلم کا اثر مزید بڑھا دیا ہے۔ یہ پہلی بار ہے کہ سدھارتھ اور شردھا ایک دوسرے کے مدِ مقابل آئے ہیں اور یہ جوڑے کی تازگی ہے جو لوگوں کو پُرکشش محسوس ہو رہی ہے۔
عاشقی ٹو کے ڈائریکٹر موہت سوری
موہت سوری بولی وڈ کے کامیاب ترین نوجوان ڈائریکٹرز میں سے ایک ہیں۔ وہ اپنی صلاحیت کو بھٹ کیمپ کے لیے کامیاب فلمیں بنا کر ثابت کرچکے ہیں۔ تاہم یہ پہلی بار ہے کہ موہت سوری نے بھٹ بینر سے باہر نکل کر کسی فلم کی ہدایات دیں۔ اس کے علاوہ 'عاشقی ٹو' جیسی سپر ہٹ فلم کے بعد موہت سوری کی ڈیمانڈ بڑھی ہے اور لوگوں کو ان سے متعدد توقعات وابستہ ہیں۔ موہت سوری وہی شخص ہیں جو عمران ہاشمی اور جیکولین فرنینڈس کی فلم 'مرڈر ٹو' کی ہدایات دے چکے ہیں، جس سے ان کی تھرلر فلموں کی ڈائریکشن کی صلاحیت بھی ظاہر ہوتی ہے۔
رتیش دیش سنجیدہ اور منفی روپ میں
رتیش دیش مکھ ہمیشہ کامیڈی فلموں میں نظر آتے ہیں، انھوں نے اس حوالے سے اپنی صلاحیت کو کئی فلموں جیسے 'مستی، دھمال، کیا کول ہیں ہم' جیسی فلموں میں ثابت بھی کیا ہے۔ تاہم یہ پہلی بار ہے کہ رتیش ایک منفی کردار میں سامنے آ رہے ہیں، اگرچہ وہ ماضی میں سنجیدہ کرداروں جیسے 'رن اور ناچ' میں بھی نظر آ چکے ہیں، مگر 'ایک ولن' کے ذریعے انہیں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا منفرد موقع ملا ہے۔
فلم کا میوزک
موہت سوری اور بہترین میوزک درحقیقت ایک دوسرے کے لیے لازم سمجھے جا سکتے ہیں۔ 'آوارہ پن ہو یا عاشقی ٹو' ان کی تمام فلموں کی موسیقی دلوں کو بھانے والی تھی اور ایسا ہی 'ایک ولن' میں بھی ہوا ہے۔ اس کا میوزک لوگوں میں بہت پسند کیا جا رہا ہے، بلکہ یہ فلم کی ٹکٹوں کی فروخت کو بھی بڑھا رہا ہے۔
یہ تجسس کہ ایک ولن میں درحقیقت 'ولن' کون ہے
ایک ولن کے پرمووز نے شائقین میں اس بات کا تجسس بڑھا دیا ہے اور اس لئے فلم دیکھنے کو بے تاب ہیں۔ اگرچہ فلم بنانے والوں نے اس حوالے سے رتیش دیش مکھ کو ولن کی حیثیت سے پروموٹ کیا ہے، جو کہانی میں دلچسپ موڑ لائیں گے۔ مگر فلمی شائقین کو کھینچنے کے لئے کافی منفرد مارکیٹنگ حکمتِ عملی کو بھی اپنایا گیا ہے، یہ جاننا دلچسپ ہوگا کہ اصل ولن کون ہے، کیونکہ وہ سدھارتھ ملہوترہ اور رتیش دیش مکھ کے ساتھ ساتھ شردھا کپور بھی ہو سکتی ہیں۔