تئیس جون کو پاکستان واپس ضرور آؤں گا، طاہر القادری
لندن: پاکستان عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن کے سربراہ علامہ طاہر القادری نے کہا ہے کہ حکومت ان کے طیارے کا رخ موڑنے کی سازش کررہی ہے جبکہ وہ 23 جون کو وطن واپس ضرور آئیں گے۔
ڈان نیوز کے مطابق کینیڈا سے لندن پہنچنے کے بعد ہیتھرو ایئر پورٹ پر پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے دعویٰ کیا کہ حکومت ان کے طیارے کا رخ موڑنے کی سازش کررہی ہے تاہم وہ اس کے باوجود وطن واپس ضرور پہنچیں گے۔
سربراہ عوامی تحریک نے کہا کہ آئین کے چالیس آرٹیکل معطل ہیں، ملک میں جمہوریت نہیں بادشاہت قائم ہے۔
اس سے قبل ایئرپورٹ پہنچنے پر ڈان نیوز سے گفتگو میں انہوں نے بتایا کہ پاک فوج اور ان کے درمیان غلط فہمیاں پیدا کی جارہی ہیں۔
طاہر القادری کا کہنا تھا کہ حکومت نے ان کی آمد سے گھبراکر ایسے اقدامات کررہی ہے جس سے اس کے خاتمے کا وقت قریب آرہا ہے۔
' طاہر القادری کی جان کو خطرہ'
دوسری جانب پنجاب کے وزیر قانون رانا مشہود نے کہا ہے کہ طاہر القادری کی جان کو خطرات لاحق ہیں جس کے بارے میں انہیں آگاہ کر دیا گیا ہے۔
وزارت قانون کا قلمدان سنبھالنے کے بعد پہلی پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا مشہود نے طاہر القادری کو خطرات کے پیش نظر باضابطہ طور پر جلسے جلوس اور لانگ مارچ نہ نکالنے کا مشورہ دیا۔
انہوں نے کہا کہ کسی بھی جلسے کی صورت میں دفعہ ایک سو چوالیس کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
وزیر قانون کا کہنا تھا کہ سانحہ ماڈل ٹاون میں جن پولیس اہلکاروں نے مظاہرین پر گولی چلائی ہے ان کیخلاف کارروائی ہو گی۔
رانا مشہود کا مزید کہنا تھا کہ پاک فوج ایک اہم مشن پر ہے، ان حالات میں جلوسوں اور ریلیوں کی بجائے افواج پاکستان کا ساتھ دینا چاہیے۔
تبصرے (1) بند ہیں