مرلی آسٹریلیا کوچنگ ٹیم میں شامل
سڈنی: سری لنکا کے عظیم سپنر متھیا مرلی دھرن نے بدھ کو اعلان کیا کہ وہ متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے خلاف سیریز میں آسٹریلیا کی کوچنگ ٹیم میں شامل ہوں گے۔
ٹیسٹ کرکٹ میں ریکارڈ وکٹیں حاصل کرنے والے مرلی پہلے ہی آسٹریلیا کے' نیشنل کرکٹ سنٹرں سپن پروگرام' کے تحت آسٹریلیا کے ٹاپ سپنر نیتھن لیون کے ساتھ کام کررہے تھے اور اب انہوں نے قومی کوچنگ ٹیم کے لیے بھی کام کرنے کی ہامی بھر لی ہے۔
مرلی کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا بہت اچھی ٹیم ہے، لیکن انہیں امید ہے کہ وہ پاکستان کے خلاف سیریز میں آسٹریلیا کی اچھی پرفارمنس میں مدد کر سکیں گے۔
'یو اے ای کا موسم اور پچ سپنرز کے لیے سازگار ہوں گی اور چونکہ میں نے ان کنڈیشنز میں بہت میچ کھیلے ہیں، لہذا میں آسٹریلین ٹیم کو کچھ ایسی ترکیبیں بتا سکتا ہوں جن سے انہیں فائدہ ہو '۔
مرلی کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ٹاپ سپنر سعید اجمل دنیا کے بہترین بلے بازوں کے لیے بھی مشکل باؤلر ہیں، لیکن اجمل کچھ کچھ ان کے انداز میں باؤلنگ کرتے ہیں۔'اگر میں آسٹریلین بلے بازوں کو نیٹ میں باؤلنگ کراؤں تو اس سے انہیں مدد مل سکتی ہے'۔
بیالیس سالہ مرلی2011 ءمیں انڈیا کے ہاتھوں ورلڈ کپ فائنل میں سری لنکا کی شکست کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہو گئے تھے۔
ان کی تقرری آسٹریلین کوچ ڈیرن لیمہن کے اس منصوبے کا ایک حصہ ہے جس کے تحت پورے سال ٹیم کی تیاریوں کے لیے مختلف ماہر کوچنگ مشیروں کی معاونت حاصل کی جاتی ہے۔
مرلی کا کردار بھی لیجنڈ سپنر اور مشیر شین وارن جیسا ہو گا جنہوں نے حال ہی میں جنوبی افریقہ کے دورے پر اپنی ٹیم کی معاونت کی تھی۔
لیہمن نے مرلی کو کرکٹ کے بڑے کھلاڑیوں میں سے ایک قرار دیتے ہوئے ان کی خدمات کو آسٹریلین ٹیم کے لیے انتہائی مفید قرار دیا۔
'انہیں خوب معلوم ہے کہ یو اے ای میں ہمیں کس طرح کی کنڈیشنز کا سامنا ہو گااور ہمیں ان سے بے پناہ تجربہ اور علم حاصل ہو گا'۔
'ان کی وجہ سے نا صرف ہمارے سپنرز کو مدد ملے گی بلکہ وہ ہمارے بلے بازوں کے ساتھ بھی کام کریں گے تاکہ پاکستان کے خطرناک سپنر باؤلرز کے مقابلے کی تالری کی جا سکے'۔
یاد رہے کہ آسٹریلیا تین اکتوبر سے ایک نومبر کے دوران یو اے ای کے نیوٹرل مقام پر پاکستان کے خلاف تین ون ڈے، دو ٹیسٹ اور ایک ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے گی۔