شمالی وزیرستان: جیٹ طیاروں کی بمباری، 60 مبینہ شدت پسند ہلاک
میرانشاہ: سیکیورٹی فورسز کے جیٹ طیاروں اور گن شپ ہیلی کاپٹروں نے شمالی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں مشتبہ شدت پسندوں کے مختلف ٹھکانوں پر بمباری کی جسکے نتیجے میں 60 مبینہ عسکریت پسندوں کی ہلاکت کی تصدیق ہوچکی ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے میرانشاہ اور میرعلی میں جیٹ طیاروں اور گن شپ ہیلی کاپٹروں نے رات گئے شدت پسندوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔
انٹر سروس پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق آپریشن میں اہم کمانڈرز اور غیر ملکی عسکریت پسندوں سمیت 60 شدت پسند مارے گئے۔
آئی ایس پی آر ترجمان کے مطابق کارروائی کے دوران بڑی تعداد میں دیسی ساختہ بم بنانےکا نظام اور بڑی تعداد میں گولہ بارود تباہ کردیا گیا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ ہلاک شدگان میں فاٹا، خیبرپختونخوا اور کراچی میں دہشت گرد کارروائیوں کے سرغنہ بھی ہلاک ہوئے ہیں۔
عسکری ذرائع کے مطابق کارروائی دہشت گردوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاعات پر کی گئی۔ یہ بھی بتایا گیا کہ ہلاک ہونے والے مشتبہ دہشت گرد پشاور، مہمند ایجنسی اور باجوڑ میں دہشت گردی کی وارداتوں میں ملوث تھے۔
وسیع پیمانے پر کی جانے والی یہ کارروائی چینی سیاح کے اغوا کے دوسرے دن اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف کی افغانستان سے واپسی کے بعد شروع ہوئی ہے۔
اس کے علاوہ گزشتہ روز آرمی چیف کی وزیراعظم نواز شریف سے قومی سلامتی سے متعلق ملاقات بھی ہوئی تھی۔
تبصرے (3) بند ہیں