• KHI: Fajr 5:36am Sunrise 6:56am
  • LHR: Fajr 5:14am Sunrise 6:39am
  • ISB: Fajr 5:22am Sunrise 6:49am
  • KHI: Fajr 5:36am Sunrise 6:56am
  • LHR: Fajr 5:14am Sunrise 6:39am
  • ISB: Fajr 5:22am Sunrise 6:49am

متعصب حکومت ہندوستان کا کنٹرول سنبھالنے جارہی ہے: سراج الحق

شائع May 19, 2014
جماعت اسلامی کے امیر نے کہا کہ نریندرا مودی اگر ہندوستان کو ترقی دینا چاہتے ہیں تو انہیں کشمیریوں کو آزادی دینی ہوگی۔ —۔ فائل فوٹو
جماعت اسلامی کے امیر نے کہا کہ نریندرا مودی اگر ہندوستان کو ترقی دینا چاہتے ہیں تو انہیں کشمیریوں کو آزادی دینی ہوگی۔ —۔ فائل فوٹو

اسلام آباد: حزبِ اختلاف کی پارٹی جماعت اسلامی کے سربراہ نے اتوار کے روز چیف الیکشن کمشنر (سی ای سی) کی تقرری کے موجودہ طریقہ کار کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ میں نمائندگی رکھنے والی تمام سیاسی جماعتوں کو اس عمل میں لازماً شامل کیا جائے۔

جماعت اسلامی کے امیر کے عہدے پر فائز ہونے کے بعد اسلام آباد میں اپنے پہلے عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے 2013ء کے عام انتخابات میں دھاندلی کو روکنے میں ناکام رہنے کا الزام عائد کرتے ہوئے سابق چیف الیکشن کمشنر فخرالدین جی ابراہیم کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اپنی ذمہ داریاں اچھے طریقے سے ادا نہیں کیں۔

سراج الحق نے دعویٰ کیا کہ اگر آرٹیکل باسٹھ اور تریسٹھ کے مطابق اراکین پارلیمنٹ کی قابلیت کو پرکھا جائے اور ملک میں اس کا مکمل طور پر نفاذ کیا جائے تو آج جو لوگ پارلیمنٹ میں بیٹھے ہیں، ان میں سے بہت سے لوگ اڈیالہ میں ہوں گے۔

انہوں نے وزیراعظم نواز شریف سے مطالبہ کیا کہ وہ ملک میں شریعت کے نفاذ کا اعلان کردیں، اس اقدام پر ان کی پارٹی مکمل حمایت کرے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم شریعت کے علاوہ کسی نظام کو قبول نہیں کریں گے۔ او ر انہوں نے قرار دیا کہ قائداعظم اس ملک کے لیے مدینے کے جیسا نظام چاہتے تھے۔

اس کے علاوہ جماعت اسلامی کے امیر نے پاکستان پیپلزپارٹی اور پاکستان مسلم لیگ -نواز پر تنقید کرتے ہوئے انہیں ایک ہی سکے کے دو رُخ قرار دیا۔

انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ ان رہنماؤں نے تاریخ سے کوئی سبق نہیں سیکھا، اور کہا کہ ان کی جماعت نے محض بے دلی کے ساتھ اور نہ چاہتے ہوئے بھی ایک بے بس وزیراعظم اور بے اختیار صدر کو قبول کیا تھا۔

کراچی میں امن و امان کی صورتحال پر ایک حالیہ اجلاس کا حوالہ دیتے ہوئے جماعت اسلامی کے سربراہ نے کہا کہ انہیں سابق صدر آصف علی زرداری کو وزیراعظم کے ساتھ دیکھ کر خوشی ہوئی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس طرح ان کا گٹھ جوڑ سامنے آگیا تھا۔

انہوں نے خبردار کیا کہ کسی کو بھی مستقبل میں پنجاب یا سندھ کارڈ استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ان میں سے دونوں کا ماضی اور مستقبل ایک ہی ہے۔

سراج الحق نے کہا کہ لینڈ مافیا، ڈرگ مافیا، پولیس اور سیاسی مافیا ہمیشہ سے سیاسی جماعتوں یا فوجی جنرلوں کی صورت میں ملک پر حکومت کرتے آئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مبینہ طور پر اٹھارہ ارب روپے کی رقم ملک میں ہر ماہ بدعنوانی کی نذر ہو جاتی ہے۔

ہندوستان میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے نریندرا مودی کی حالیہ فتح کا حوالہ دیتے ہوئے جماعت اسلامی کے سربراہ نے کہا کہ ایک متعصب حکومت ہندوستان کا نظم و نسق سنبھالنے جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں مودی کو یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ اگر آپ انڈیا کو ترقی کرتا دیکھنا چاہتے ہیں تو اس کے لیے صرف ایک ہی راستہ ہے، اور وہ یہ ہے کہ کشمیریوں کو آزادی دے دی جائے۔

اس کے علاوہ انہوں نے مودی پر زور دیا کہ ہندوستان میں مسلمانوں اور ان کی عبادتگاہوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے۔

سراج الحق نے کہا کہ میں ضمانت دیتا ہوں کہ پاکستان میں بسنے والے ہندوؤں ، مسیحیوں اور سکھ برادری کے مقدس مقامات کی حفاظت کی جائے گی۔ اور میں آپ سے ہندوستان میں مسلمانوں کے مقدس مقامات کی حفاظت کی ضمانت چاہتا ہوں۔

کارٹون

کارٹون : 24 نومبر 2024
کارٹون : 23 نومبر 2024