الطاف حسین کو شناختی کارڈ جاری نہ کرنے پر ایم کیو ایم کا احتجاج
کراچی: متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کو قومی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ جاری نہ کیے جانے پر پارٹی اراکین نے سندھ اسمبلی کے احاطے میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔
ڈان نیوز کے مطابق ایم کیو ایم رہنما فیصل سبز واری کا کہنا تھا کہ وزیر داخلہ چوہدی نثار عوام کے جذبات بھڑکانے کے بجائے ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔
گزشتہ روز وزیر داخلہ نے بیان دیا تھا کہ ایم کیو ایم شناختی کارڈ کے اجرا کے معاملے پر دھمکیوں کی سیاست بند کرے۔
'شناختی کارڈ کے معاملے پر متحدہ دھمکیوں کی سیاست ترک کرے'
متحدہ کے رکن اور صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر صغیر کے مطابق وزیر داخلہ نے نان ایشو کو ایشو بنا دیا ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ سازش میں ملوث عناصر کے چہروں سےنقاب اتار کر کیفر کردار تک پہنچایا جائے ۔
اراکین سندھ اسمبلی کا کہنا تھا کہ نائیکوپ کے اجرا تک احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا ۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی صدارت میں سندھ کابینہ کے اجلاس کے دوران کراچی میں امن و امان کے قیام کی کوششیں تیز کرنے اور جدید وسائل کے استعمال پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں حیدرآباد میں غیر قانونی تارکین وطن کی اچانک آمد کا معاملہ بھی زیر غور آیا ۔ اجلاس میں سندھ پاور پالیسی کا مسودہ بھی غور کے لیے پیش کیا گیا ۔