• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

’طالبان نے ہائی پروفائل شخصیات کی رہائی کا اشارہ دیا ہے‘

شائع March 31, 2014
ٹی ٹی پی کی مذاکراتی کمیٹی کے رکن اور جماعت اسلامی کے رہنما پروفیسر ابراہیم میڈیا کے نمائندوں سے بات کر رہے ہیں۔ —. فوٹو آن لائن
ٹی ٹی پی کی مذاکراتی کمیٹی کے رکن اور جماعت اسلامی کے رہنما پروفیسر ابراہیم میڈیا کے نمائندوں سے بات کر رہے ہیں۔ —. فوٹو آن لائن

بنّوں: جماعت اسلامی کے رہنما اور ٹی ٹی پی کی مذاکراتی کمیٹی کے ایک رکن پروفیسر محمد ابراہیم کا کہنا ہے کہ طالبان نے کچھ ہائی پروفائل شخصیات کو خیر سگالی کے طور پر رہا کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

جماعت اسلامی کے کارکنوں کے تربیتی سیشن کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے پروفیسر ابراہیم نے علی موسٰی گیلانی، شہباز تاثیر اور اسلامیہ کالج یونیورسٹی پشاور کے سابق وائس چانسلر ڈاکٹر پروفیسر اجمل خان کی رہائی کو مسترد نہیں کیا۔

انہوں نے حکومت اور کالعدم تحریکِ طالبان پاکستان کے جاری مذاکرات پر پیپلزپارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ اور عوامی نیشنل پارٹی کے مؤقف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے یہ دعویٰ کیا کہ یہ سیاسی جماعتیں اس عمل کو کامیابی سے ہمکنار ہوتا نہیں دیکھنا چاہتی ہیں، تاکہ شمالی وزیرستان میں فوجی آپریشن کے لیے راہ ہموار ہوسکے۔

اُن کا کہنا تھا کہ یہ جماعتیں قبائلی علاقوں میں طاقت کے استعمال سے مسائل حل کرنے کی وکالت کررہی ہیں، اگرچہ اس طرح کی کارروائیاں ماضی میں بے اثر ثابت ہوئی تھیں۔

جماعت اسلامی کے رہنما نے کہا کہ ’’محبّ وطن جماعتیں‘‘ مذاکرات کو سبوتاژ کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دیں گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ عمل اپنے منطقی انجام کو پہنچ جائے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ مذاکرات امن کی بحالی میں مدد دیں گے، اور بالآخر اس طرح ملک ترقی کے راستے پر گامزن ہوجائے گا۔

پروفیسر ابراہیم نے کہا کہ حکومت اور طالبان شوریٰ دونوں ہی مذاکرات کو جاری رکھنا چاہتے ہیں۔

ٹی ٹی کی مذاکراتی کمیٹی کے رکن پروفیسر ابراہیم نے دعویٰ کیا کہ بہت سے لوگ طالبان پر الزام عائد کرتے ہیں کہ وہ آئین کو قبول نہیں کرتے، جبکہ وہ خود کئی مرتبہ آئین کی خلاف ورزی کرچکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 1973ء کا آئین 33 معروف مذہبی علماء کی کوششوں کا ثمر تھا۔

ان کا مزید کہنا تھاکہ ایک طاقتور لابی اس معاملے پر الجھن پیدا کرنے کی کوشش کررہی ہے۔

پروفیسر ابراہیم نے کہا کہ اگر حکمران طبقہ آئین کی پاسداری کے لیے تیار ہے تو جماعت اسلامی طالبان کو آئین کو قبول کرنے پر آمادہ کرنے کے لیے تیار ہے۔ اگر آئین کی حقیقی روح کا نفاذ کردیا جائے تو ٹی وی چینلز پر ان کے خیال میں فحاشی کو روکا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قبائلی علاقوں میں امن قائم تھا، لیکن امریکا میں نائن الیون کے حملوں کے بعد سابق صدر ریٹائرڈ جنرل پرویز مشرف کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے صورتحال تبدیل ہوگئی۔ انہوں نے جنرل مشرف کو ملک میں غیر یقینی صورتحال اور سیکورٹی کے مسئلے کا ذمہ دار ٹھہرایا۔انہوں نے کہا کہ یہ صورتحال طوالت اس لیے اختیار کرتی گئی کہ سابق صدر آصف زرداری نے اپنے پیشرو کی پالیسیوں کو جاری رکھا۔

پروفیسر ابراہیم نے کہا کہ طاقت کے استعمال سے امن قائم نہیں کیا جاسکتا۔

تبصرے (1) بند ہیں

Iqbal Jehangir Mar 31, 2014 02:30pm
دہشت گردوں کو اپنی نیک نیتی اور اپنے اچھے ارادے ثابت کرنے کے لیے اور خیر سگالی کےا ظہار کے طور پر تمام یرغمالیوں کو بلا کسی شرط رہا کر دینا چاہیے کیونکہ ان یرغمالیوں کو مزید قید میں رکھنے کاطالبان کے پاس کو ئی قانونی و اخلاقی جواز نہ ہے۔ ویسے بھی کون سا اسلام اس بات کی اجازت دیتا ہے کہ ایک نہتے اور بے گناہ فرد یا افراد کو اغوا کر لیا جائے؟ البتہ ریاست کی تحویل میں موجود جنگجوؤں کو جن کے خلاف قتل ،دہشت گردی وغیرہ وغیرہ کے مقدمات ہیں ہرحال میں قانون کا سامنا کرنا چاہیے، انہیں کسی بھی معافی کے تحت چھوڑا نہ جاناچاہیے۔ .................................................................... امن مذاکرات تعطل کا شکار ؟ http://awazepakistan.wordpress.com/

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024