• KHI: Fajr 5:14am Sunrise 6:30am
  • LHR: Fajr 4:37am Sunrise 5:59am
  • ISB: Fajr 4:40am Sunrise 6:04am
  • KHI: Fajr 5:14am Sunrise 6:30am
  • LHR: Fajr 4:37am Sunrise 5:59am
  • ISB: Fajr 4:40am Sunrise 6:04am

ٹورنامنٹ میں بھرپور واپسی کریں گے، حفیظ

شائع March 22, 2014
۔ — اے ایف پی
۔ — اے ایف پی

ڈھاکا: پاکستان کے کپتان محمد حفیظ نے زور دے کر کہا ہے کہ ایک میچ ہارنے کا یہ مطلب نہیں کہ پاکستان عالمی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ سے باہر ہو گیا۔

جمعہ کو شیر بنگلہ نیشنل سٹیڈیم، میرپور میں کھیلے گئے ایوننٹ کے پہلے میچ میں انڈیا نے پاکستان کو با آسانی سات وکٹوں سے ہرا دیا۔

میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو میں حفیظ نے کہا کہ اوس کی وجہ سے پچ میں نمی تھی جس کی وجہ سے گیند بلے پر نہیں آئی۔

اس میچ میں پاکستانی بلے بازوں نے مقررہ بیس اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 130 رنز بنائے، جسے انڈیا نے انیسویں اوور میں محض تین وکٹوں پر حاصل کر لیا۔

حفیظ کا کہنا تھا کہ پاکستان فائنل اوورز میں تیز سکور نہیں بنا سکا۔

'ہماری بیٹنگ لائن نے تقریباً بیس رنز کم بنائے۔ اس کے علاوہ ہم نے کچھ کیچ بھی چھوڑے، جس کے ہم اس طرح کے میچ میں متحمل نہیں ہو سکتے تھے'۔

میچ میں کامیابی کے ساتھ ہی انڈیا نے ٹی ٹوئنٹی اور پچاس اوورز کے ورلڈ کپ مقابلوں میں پاکستان سے ناقابل شکست رہنے کا ریکارڈ بہتر بنایا ہے۔

تاہم پاکستانی کپتان اسے اپنی ٹیم کے لیے نفسیاتی رکاوٹ نہیں سمجھتے۔

'آپ جو مرضی کہیں لیکن ہم ایسا نہیں سوچتے کہ یہ ورلڈ کپ ہے اور اب تک ہم ان میں انڈیا سے جیت نہیں سکے'۔

'ہم میچ میں مثبت ذہن لے کر اترتے ہیں لیکن بدقسمتی سے اس مرتبہ بھی ہم ہارنے کا یہ تسلسل توڑ نہیں سکے'۔

'ہم اگلی مرتبہ اپنی بہترین کوشش کریں گے'۔

ان کا کہنا تھا کہ اب بھی اس ٹورنامنٹ میں آگے جانے کے لئے ایک طویل راستہ ہے۔ 'ہم ایونٹ میں مضبوط واپسی کی کوشش کریں گے'۔

دوسری جانب، فاتح کپتان مہیندر سنگھ دھونی نے ٹیم کی کامیابی کو 'عمدہ' قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس جیت میں بلے بازوں اور باؤلرز دونوں نے اپنا اپنا حصہ ڈالا۔

'ہم نے کچھ کیچ چھوڑ دیے، اگر انہیں پکڑ لیا جاتا تو اچھا ہوتا، لیکن اس کے باوجود یہ ایک عمدہ میچ تھا'۔

دھونی کے مطابق، روہیت شرما اور شیکھر دھون نے ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا، جس کے بعد ویرات کوہلی اور سریش رائنا نے اس آغاز سے فائدہ اٹھایا۔

'رائنا کا رنز سکور کرنا بہت اچھا تھا کیونکہ ان کی موجودگی سے مڈل آرڈر میں جارحانہ انداز آ جاتا ہے'۔

آج کھیلے جانے والے میچ میں انڈیا نے ایک اضافی تیز باؤلر کے بجائے تیسرے سپنر امیت مشرا کو موقع دیا۔

مشرا نے دھونی کے فیصلے کو درست ثابت کرتے ہوئے بائیس رنز دے کر پاکستان کے دو بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

انہیں نپی تلی بولنگ کرنے پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ بھی دیا گیا۔

دھونی نے میڈیا سے گفتگو کے دوران حریف ٹیموں کو خبردار کیا کہ ابھی مشرا نے اپنی ٹاپ پرفارنس پیش نہیں کی۔

'میرے خیال میں مشرا نے آج اپنی استعداد کی 75-70 فیصد تک باؤلنگ کی'۔

تاہم ان کا کہنا تھا کہ وہ یقینی طور پر نہیں کہہ سکتے کہ وہ ہر میچ میں تین سپنرز کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔

'اس فیصلے کا دارومدار رات کو میدان میں اوس کی موجودگی پر ہے'۔

مشرا نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ سپن اور فلائیٹ ان کا پلس پوائنٹ ہے اور دھونی نے انہیں بغیر کسی دباؤ کے باؤلنگ کرنے دی۔

'میچ در میچ باہر بیٹھے رہنا بہت مشکل ہے لیکن میں ہمیشہ مثبت انداز میں سوچتا اور بہتر کرنے کی کوشش کرتا ہوں'۔

مشرا نے بتایا کہ پلیئنگ الیون کا مسلسل حصہ نہ رہنے کے باوجود ٹیم انتظامیہ نے انہیں بہت اعتماد دیا۔

'مجھے کہا گیا کہ میں اپنے قدرتی انداز میں باؤلنگ کروں اور اسی وجہ سے مجھے وکٹیں ملیں'۔

کارٹون

کارٹون : 25 مارچ 2025
کارٹون : 24 مارچ 2025