انڈر 19 ورلڈ کپ: پاکستان کو انڈیا کے ہاتھوں شکست
دبئی: آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ میں روایتی حریف ہندوستان نے پاکستان کو 40 رنز سے شکست دے کر ایونٹ کا کامیاب انداز میں آغاز کیا۔
ہفتہ کو دبئی میں کھیلے گئے گروپ اے کے میچ میں ہندوستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں پر 262 رنز بنائے۔
سرفراز خان نے 74 اور سنجو سیمسن نے 68 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ پاکستان ی جانب سے عرفان اللہ شاہ اور کرامت علی نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں پاکستانی ٹیم جب ہدف کے تعاقب کے لیے میدان میں اتری تو کپتان سمیع اسلم اور امام الحق نے ٹیم کو 109 رنز کا جاندار آغاز فراہم کیا۔
امام الحق 39 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے لیکن پاکستانی ٹیم کی تباہی کا اصل آغاز اس وقت ہوا جب 116 کے مجموعی سکور پر سمیع اسلم غلط رن لیتے ہوئے اپنی قیمتی وکٹ گنوا بیٹھے، اسلم 64 رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے۔
ان کے آؤٹ ہونے کے بعد گرین شرٹس کا کوئی بھی کھلاڑی خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکا اور پوری ٹیم 48.4 اوورز میں 222 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
حسن رضا 14، سعود شکیل 32، کامران غلام صفر، سیف اللہ خان 6، ظفر گوہر 11، کرامت علی 7، ضیاء الحق 21 اور محمد آفتاب 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
ہندوستان کی جانب سے دیپک ہوڈا نے عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 وکٹیں حاصل کیں۔
ہندوستانی بلے باز سرفراز خان کو عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
دوسری جانب ایونٹ میں آسٹریلیا، بنگلہ دیش اور سکاٹ لینڈ کی ٹیموں نے بھی اپنے اپنے میچ جیت لیے۔
ہفتہ کو گروپ بی کے میچ میں افغانستان کی ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 212 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
جواب میں بنگلہ دیش کی ٹیم نے مطلوبہ ہدف بغیر کسی نقصان کے 43 ویں اوور کی تیسری گیند پر پورا کر لیا، شادمان اسلام نے 126 اور جوئراز نے 81 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا۔
گروپ بی کے ایک اور میچ میں آسٹریلیا نے نمیبیا کو 101 رنز کے بھاری مارجن سے زیر کیا۔
نمیبیا کی ٹیم 242 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 44.2 اوورز میں 141 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔
گروپ اے کے مقابلے میں سکاٹ لینڈ کی ٹیم نے پاپوا نیو گنی کو 6 وکٹوں سے ہرا کر پہلی کامیابی حاصل کی، فاتح ٹیم نے 108 رنز کا ہدف 30 ویں اوور کی چوتھی گیند پر 4 وکٹوں پر پورا کیا۔
اس سے قبل گزشتہ روز انڈر نائنٹین کرکٹ ورلڈ کپ کے پہلے دن زمبابوے نے کینیڈا، سری لنکا نے نیوزی لینڈ، جنوبی افریقا نے ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ نے میزبان متحدہ عرب امارات کو شکست دے دی۔