اسلام آباد سمیت ملک کے کئی شہروں میں بارش و برفباری، موسم سرد
اسلام آباد: پاکستان صوبہ پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان، آزاد کمشیر اور گلگت بلتستان سمیت ملک کے مختلف شہروں میں بارش اور پہاڑوں پر وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے، جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔
ڈان نیوز ٹی وی کے مطابق آزاد کشمیر کے زیریں علاقوں اور پنجاب کے بیشترشہروں میں بارش سے موسم سرد، جبکہ وادی نیلم اور کہوٹہ کے علاوہ گلگت بلتستان اور بالائی علاقوں میں برفباری سے رابطہ سڑکیں بند ہیں۔
صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں بارش کے بعد کئی روز سے چھائی ہوئی دھند کی شدت میں کمی آئی ہے۔
دارالحکومت اسلام آباد اور جڑواں شہر راولپنڈی میں گزشتہ رات سے بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، جس کی وجہ سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔
چترال میں شدید برفباری کے باعث لواری ٹنل بند کردیا گیا، جبکہ ٹریفک کا نظام بھی متاثر ہوا ہے۔
اُدھر بلوچستان میں بھی بارش سے سردی کی شدت بڑھ گئی ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے آج اسلام آباد، راول پنڈی، لاہور، سرگودھا، فیصل آباد، خیبر پختونخواہ سمیت کشمیر اور بلوچستان میں بارش اور پہاڑوں پر مزید برفباری کی پیش گوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں پشاور سمیت بنوں کوہاٹ جبکہ چترال میں آٹھ ملی میٹر،ڈی آئی خان میں چادہ، دیر میں اکیس، کالام میں سولہ، میرکنی میں گیارہ، سید شریف میں ایک اعشاریہ تین ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔