• KHI: Zuhr 12:41pm Asr 5:00pm
  • LHR: Zuhr 12:11pm Asr 4:28pm
  • ISB: Zuhr 12:17pm Asr 4:32pm
  • KHI: Zuhr 12:41pm Asr 5:00pm
  • LHR: Zuhr 12:11pm Asr 4:28pm
  • ISB: Zuhr 12:17pm Asr 4:32pm

بی بی سی کی رپورٹ کے خلاف ایم کیو ایم کا احتجاج ملتوی

شائع February 1, 2014
فائل فوٹو—
فائل فوٹو—

کراچی: متحدہ قومی موومنٹ نے ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس کے تفتیش کے سلسلے میں بی بی سی کی حالیہ رپورٹ کے خلاف آج ہفتے کے روز ہونے والے احتجاجی مظاہرے کو ایک دن کے لیے ملتوی کردیا گیا ہے، یہ احتجاجی دھرنا اب کل اتوار کے روز ہوگا۔

ایم کیو ایم کے ترجمان واسع جلیل کا کہنا ہے کہ ہم اپنے احتجاج سے عوام کو کسی قسم کی مشکل میں مبتلا نہیں کرنا چاہتے، اس لیے یہ احتجاج اب اتوار کے روز ہوگا۔

ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے اہم مشاورت کے لیے فاروق ستار کو لندن طلب کرلیا ہے۔

ذرائع کے مطابق فاررق ستار ایم کیو ایم کے قائد سے مشاورت کے لیے آج لندن کے لیے روانہ ہوں گے۔

خیال رہے کہ ایم کیو ایم نے بی بی سی کی رپورٹ کو بددیانتی پر مبنی قرار دیتے ہوئے ادارے کے خلاف قانونی چارہ جوئی کرنے کے مطالبہ کے ساتھ آج ہفتے کے روز احتجاج کا اعلان کیا تھا۔

دوسری جانب گزشتہ روز ایم کیو ایم نے اس رپورٹ کے خلاف حیدرآباد پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا۔

احتجاجی مظاہرے میں خواتین اور نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جبکہ اس موقع پر مظاہرین کا کہنا تھا کہ الطاف حسین کے خلاف عالمی میڈیا سازش کررہا ہے۔

اس احتجاجی مظاہرے میں آل پاکستان مسلم لیگ کے کارکنوں نے بھی شرکت کی۔

اس کے علاوہ ملتان میں بھی ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلی نکالی گئی، جس میں مظاہرین نے پارٹی کے سربراہ کا میڈیا ٹرائل فوراً بند کرنے کا مطالبہ کیا۔

یاد رہے کہ بی بی سی کے ٹی وی پروگرام نیوز نائٹ میں براڈ کاسٹر نے دو پاکستانی طالب علموں محسن علی سید اور محمد کاشف خان کامران کو اس مقدمہ میں مشتبہ ملزم قرار دیا تھا۔ رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ ریکارڈ سے ظاہر ہوتا ہے کہ ان دونوں نے 16 ستمبر 2010ء کے دن قتل کے چند گھنٹوں کے بعد برطانیہ چھوڑ دیا تھا، اور سری لنکا چلے گئے تھے، اس کے بعد وہ 19 ستمبر کو کراچی پہنچے، جہاں پر انہیں حراست میں لے لیا گیا۔

اس دستاویزی فلم کے جواب میں ایم کیو ایم کے رہنماؤں نے جمعرات کو ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ بی بی سی کے پروگرام میں ڈاکٹر عمران فاروق قتل سے متعلق جن دو افراد کی شناخت ظاہر کی گئی تھی، ان کا ایم کیو ایم سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

کارٹون

کارٹون : 15 مارچ 2025
کارٹون : 14 مارچ 2025