• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

پنجاب میں بلدیاتی انتخابات تیس جنوری کو ہوں گے

شائع December 10, 2013
فائل فوٹو—
فائل فوٹو—

اسلام آباد: پاکستان میں انتخابات کے نگران ادارے الیکشن کمیشن آف پاکستان نے گزشتہ روز پیر کو صوبہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈیول جاری کردیا، تاہم صوبہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات کا معاملہ ابھی تک حل نہیں ہو سکا ہے۔

شیڈیول کے مطابق کاغذات نامزدگی بائیس سے ستائیس دسمبر تک جمع کرائے جاسکیں گے، جن کی جانچ پڑتال کا عمل تیس دسمبر سے چار جنوری تک جاری رہے گا، جبکہ تیرہ جنوری کو امیدواروں کی حتمی فہرست کا اعلان کیا جائے گا اور تیس جنوری کو پنجاب بھر میں بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ ہوگی ۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کے سرکاری نتائج کا اعلان دو فروری کو کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ اس سے پہلے الیکشن کمیشن نے صوبہ پنجاب اور سندھ میں بلدیاتی انتخابات 29 نومبر کو کروانے کا اعلان کیا تھا، لیکن صوبائی حکومتوں کی جانب سے قواعد و ضوابط فراہم نہ کرنے کی وجہ سے نئی تاریخ سات دسمبر رکھی گئی تھی۔

تاہم پنجاب حکومت کی جانب سے قواعد و ضوابط فراہم کرنے کے بعد گزشتہ روز یہ شیڈیول جاری کردیا، لیکن الیکشن کمیشن کو اب بھی سندھ حکومت کے قواعد و ضوابط کا انتظار ہے۔

سیکریٹری الیکشن کمیشن اشتیاق احمد نے گزشتہ روز میڈیا سے رسمی بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈیول 13 دسمبر کو جاری کردیا جائے گا اور کمیشن کسی بھی مزید تاخیر کا متحمل نہیں ہوسکتا۔

انہوں نے کہا کہ اگر پھر بھی سندھ حکومت صوبے میں بلدیاتی انتخابات کروانے کے لیے تیار نہ ہوئی تو ہم عدالت سے رجوع کریں گے۔

دوسری جانب پنجاب بھر میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد تک تمام تقرریوں و تبادلوں پر بھی پابندی عائد کرنے کے علاوہ صوبے کی تمام انتخابی فہرستیں بھی منجمد کردی گئی ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024