• KHI: Asr 4:49pm Maghrib 6:30pm
  • LHR: Asr 4:19pm Maghrib 6:02pm
  • ISB: Asr 4:23pm Maghrib 6:07pm
  • KHI: Asr 4:49pm Maghrib 6:30pm
  • LHR: Asr 4:19pm Maghrib 6:02pm
  • ISB: Asr 4:23pm Maghrib 6:07pm

اسکاٹ لینڈ: پب کی چھت پر ہیلی کاپٹر گرنے سے آٹھ ہلاک

شائع November 30, 2013
ہیلی کاپٹر حادثے کے بعد ریسکیو نمائندے بحالی کے کام میں مصروف ہیں۔ فوٹو اے پی
ہیلی کاپٹر حادثے کے بعد ریسکیو نمائندے بحالی کے کام میں مصروف ہیں۔ فوٹو اے پی
حادثے کے فوراً بعد کا ایک منظر۔ فوٹو اے پی
حادثے کے فوراً بعد کا ایک منظر۔ فوٹو اے پی

گلیسگو: اسکاٹ لینڈ کے ایک پب کی چھت پر پولیس ہیلی کاپٹر گرنے سے کم از کم 8 افراد ہلاک اور 14 شدید زخمی ہو گئے۔

اسکاٹش پولیس نے بتایا کہ اسکاٹ لینڈ کے سب سے بڑ شہر گلیسگو میں حادثہ جمعہ کی رات اس وقت پیش آیا جب پب میں میوزک کنسرٹ جاری تھا۔

پولیس کے مطابق کلوتھا پب کی چھت پر ہیلی کاپٹر گرنے سے پب میں موجود 100 سے زائد افراد اندر پھنس گئے اور عمارت دھول اور مٹی سے بھر گئی۔

اسکاٹ لینڈ پولیس کے چیف کانسٹیبل اسٹیفن ہاؤس ہولڈ نے صحافیوں کو بتایا کہ حادثے کے نتیجے میں ہیلی کاپٹر میں موجود دو پولیس افسر اور ایک سویلین پائلٹ کے ساتھ پب میں موجود پانچ افراد بھی ہلاک ہوئے جن کی لاشیں ملے تلے دبی ملیں۔

انہوں نے بتایا کہ اس کے علاوہ 14 افراد شدید زخمی بھی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

گلیسگو کے وسط میں گرنے والے 12 میٹر لمبے اور دو انجن کے حامل اس ہیلی کاپٹر سے پب کی چھت کا بڑا حصہ تباہ ہو گیا۔

ہیلی کاپٹر کا ملبہ عمارت کے اندر ابھی تک پھنسا ہوا ہے اور ہفتے کو دن بھر عمارت میں مزید لاشوں یا زخمیوں کی تلاش کا عمل جاری رہا۔

ہاؤس ہولڈ نے بتایا کہ ابھی ریسکیو اور بحالی کا عمل جاری ہے، جب تک ہم پورا ملبہ نہیں ہٹا لیتے اس وقت تک یہ بات جاننے سے قاصر ہیں کہ ملبے تلے اور کتنے لوگ ہیں۔

حادثے کے بعد ہر طرف افرا تفری پھیل گئی اور اس موقع پر ایک مقامی رکن ہارلیمنٹ سمیت علاقے کے لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت لوگوں کو عمارت کے باہر نکالا۔

حادثے کے وقت پب میں موجود گریس میک لین نے بی بی سی کو بتایا کہ پب اس وقت خاصا بھرا ہوا، ہم سب بہت اچھے انداز سے اپنا وقت گزار رہے تھے کہ اچانک اسی وقت ایک آواز سنائی دی۔

انہوں نے کہا کہ یہ کوئی دھماکا یا زور دار آواز نہیں تھی، یہ دھویں نما محسوس ہو رہا تھا، ہم ایک دوسرے سے مذاقاً کہنے لگے کہ اس سے چھت گر جائے گی اور اچانک ہی چھت گرنا شروع ہو گئی اور لوگوں کے چیخنے اور رونے کی آوازیں آنے لگیں، تھوڑی ہی دیر بعد پب دھول اور مٹی سے اٹ گیا اور ہم کچھ دیکھنے حتیٰ کہ سانس لینے کے قابل بھی نہ رہے۔

واضح رہے کہ ہفتے کو ہی اسکاٹ لینڈ کا قومی دن سینٹ اینڈریوز ڈے بھی منایا جاتا ہے لیکن حادثے کے بعد گلیسگو میں جشن کی تمام تقریبات ختم کرتے ہوئے حکومتی عمارتوں پر لگائے تمام جھنڈے سرنگوں کر دیے گئے ہیں۔

برطانوی ملکہ الزبتھ اور وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون نے حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

اسکاٹ لینڈ کے فرسٹ منسٹر ایلکس سیلمنڈ نے اسے اسکاٹ لینڈ اور گلیسگو کا سیاہ ترین دن قرار دیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ایمرجنسی سروس کے لیے مشہور یورو کاپٹر کو پیش آنے والے حادثے کی وجوہات کے بارے میں کوئی بھی بات کہنا قبل از وقت ہو گا لیکن عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ہیلی کاپٹر میں آگ نہیں لگی تھی ار یہ آسمان سے کسی پتھر کی مانند زمین پر آگرا۔

ایئر ایکسیڈنٹ انویسٹی گیشن برانچ نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 20 ستمبر 2024
کارٹون : 19 ستمبر 2024