کھیل

روہت شرما کا چیمپئنز ٹرافی کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کا فیصلہ

روہت شرما نے اس شرط پر چیمپئنز ٹرافی کیلئے ٹیم کی قیادت کرنے پر رضامندی ظاہر کی کہ وہ اس کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہوجائیں گے، بی سی سی آئی ذرائع

بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما نے پاکستان میں شیڈول آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کا فیصلہ کرلیا، انہوں نے تصدیق کی ہے کہ وہ اس ایونٹ تک ٹیم کی قیادت کریں گے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 تک بھارتی ٹیم کی قیادت کرنے کے فیصلے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وہ ٹورنامنٹ کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا ارادہ رکھتے ہیں۔

خیال رہے کہ روہت شرما نے 2024 کا ٹی20 ورلڈکپ جیتنے کے بعد مختصر فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا تھا۔

بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے ذرائع کا کہنا ہے کہ باہمی مشاورت سے روہت شرما نے اس شرط پر چیمپئنز ٹرافی کے لیے ٹیم کی قیادت کرنے پر رضامندی ظاہر کی کہ وہ اس ایونٹ کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہوجائیں گے۔

تاہم، آسٹریلیا کے خلاف بورڈر گواسگر ٹرافی میں میلبورن ٹیسٹ ان کے کیریئر کا آخری میچ تھا اور اس فارمیٹ میں ان کا کیریئر اختتام پذیر ہوگیا۔

دوسری جانب، چیمپیئنز ٹرافی کے دوران سب کی نظریں اس بات پر ہوں گی کہ روہت شرما ون ڈے انٹرنیشنل میں اپنے کریئر کا اختتام کس طرح کرتے ہیں اور ان کے بعد کپتانی کی ذمہ داری کس کو سونپی جائے گی۔

کرک بلاگر کی ویب سائٹ کی ایک رپورٹ کے مطابق روہت شرما انگلینڈ کے خلاف ہوم گراؤنڈ پر آئندہ ون ڈے سیریز کے لیے ٹیم کی قیادت کریں گے اور اس دوران بھارتی تماشائیوں کا اپنے گراؤنڈ پر روہت شرما کو دیکھنے کا آخری موقع ہوگا۔

ذرائع کاکہنا ہے کہ دورہ آسٹریلیا میں روہت شرما اور ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر کے درمیان تناؤ کی وجہ سے بورڈ نے یہ فیصلہ کیا اور ایسا دکھائی دیتا ہے کہ گوتم گمبھیر کی سوچ کی وجہ سے ہی بھارتی کرکٹ بورڈ روہت سے استعفیٰ لے کر کسی نئے کھلاڑی کو قیادت کی ذمہ داری دینا چاہتی ہے۔