پاکستان

ڈی آئی خان میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، 5 خارجی دہشت گرد ہلاک

آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 5 دہشت گرد مارے گئے، ہلاک دہشت گردوں میں رنگ لیڈر شفیع اللہ عرف شفیع بھی شامل ہے، آئی ایس پی آر

سیکیورٹی فورسز نے ڈیر اسمٰعیل خان کے ایک علاقے میں آپریشن میں 5 خوارج دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ آپریشن خوارج کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر کی گئی، آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 5 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق ہلاک دہشت گردوں رنگ لیڈر شفیع اللہ عرف شفیع بھی شامل ہے۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آپریشن میں ہتھیار اور ایمونیشن بھی برآمد کئے گئے ہیں، دہشت گرد سکیورٹی فورسز پر حملوں اور شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے۔

یاد رہے 3 روز قبل سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا میں 3 مختلف کارروائیاں کرتے ہوئے 19 خوراج دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا جب کہ آپریشنز کے دوران بہادری سے لڑتے ہوئے پاک فوج کے 3 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا تھا۔

ترجمان پاک فوج نے بتایا تھا کہ پشاور متنی آپریشن میں فتنہ الخوارج کے 8 دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا، مہمند بائیزئی آپریشن میں بھی 8 دہشت گرد مارے گئے، کرک آپریشن میں 3خوارج دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ان کارروائیوں میں مجموعی طور پر 19خوراج دہشت گرد ہلاک ہوئے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں سکیورٹی فورسز کے تین جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ کے آخر میں شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 2 کمانڈرز سمیت 9 دہشت گرد ہلاک اور 7 زخمی ہوگئے تھے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ یہ جھڑپ تحصیل میر علی کے علاقے برہو خیل میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران ہوئی، جب سیکورٹی فورسز نے تقریباً 25 عسکریت پسندوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع ملنے کے بعد آپریشن شروع کیا، جو علاقے میں ایک میٹنگ کے لیے جمع ہوئے تھے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ جیسے ہی سیکیورٹی فورسز جائے وقوع پر پہنچیں تو فائرنگ کا شدید تبادلہ شروع ہو گیا، ہلاک ہونے والوں میں عسکریت پسند کمانڈر عبدالحق اور معین بھی شامل ہیں، آپریشن کے دوران 7 عسکریت پسند زخمی بھی ہوئے، ذرائع کے مطابق جائے وقوع سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے۔

اس کارروائی سے قبل فورسز کی خیبرپختونخوا کے 3 مختلف اضلاع میں کارروائیوں میں 13 خارجی دہشت گرد ہلاک اور 8 زخمی ہوگئے تھے جب کہ فائرنگ کے شدید تبادلے میں میجر محمد اویس شہید ہو گئے تھے۔

اس سے قبل 18 دسمبر کو بھی ترجمان پاک فوج نے بتایا تھا کہ سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے 3 مختلف اضلاع میں کارروائیاں کرتے ہوئے 11خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔