دنیا

اقوام متحدہ کی لبنان میں جنگ سے متاثرہ شہریوں کیلئے 37 کروڑ ڈالر امداد کی اپیل

بےگھر لوگوں اور مشکل حالات سے دوچار لوگوں کی زندگیاں بچانے کے لیے اضافی رقم درکار ہے، مارچ 2025 تک جاری ہنگامی منصوبے کے تحت فراہم کیا جائے، اقوام متحدہ

اقوام متحدہ نے جنگ سے متاثرہ لبنان کو مالی مشکلات سے نکالنے کے لیے اقوام عالم سے فوری طور پر 37 کروڑ ڈالر سے زائد کی امداد کی درخواست کردی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق اقوام متحدہ نے عالمی برادری سے اسرائیل اور حزب اللہ کی جنگ سے متاثرہ لبنان کے لاکھوں بےگھر شہریوں کی انسانی بنیادوں پر امداد کرنے کی درخواست کی ہے۔

اقوام متحدہ کی جانب سے یہ درخواست اکتوبر میں 42 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کی امداد کی ابتدائی درخواست کا تسلسل ہے جب دونوں فریقین کے درمیان جنگ چھڑ گئی تھی اور ہزاروں کی تعداد میں لبنانی بے گھر ہوگئے تھے۔

اقوام متحدہ کے مطابق اس درخواست کے نتیجے میں 25 کروڑ ڈالر کی امداد جمع ہوئی تھی۔

دو ماہ کی جنگ کے بعد حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ اور دیگر رہنماؤں کو شہید کردیا گیا تھا جبکہ نومبر کے آخر میں جنگ بندی معاہدہ ہوا تھا۔

لبنان میں اقوام متحدہ کے انسانی بنیادوں پر رابطہ کار عمران رضا نے منگل کے روز جاری بیان میں کہا ہے جنگ بندی نے امید روشن کی ہے تاہم ایک لاکھ 25 ہزار افراد اب بھی بے گھر ہیں جبکہ ہزاروں افراد مشکلات کا شکار ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اضافی فنڈنگ فوری درکار ہے تاکہ بےگھر لوگوں اور مشکل حالات سے دوچار لوگوں کی زندگیاں بچانے کی کوششوں کو جاری رکھا جاسکے۔

عمران رضا نے کہا کہ امداد کی درخواست کا بنیادی مقصد جنگ سے متاثرہ 10 لاکھ لبنانی، شامی اور فلسطینی پناہ گزین کی مدد کرنا ہے، جسے مارچ 2025 تک جاری ہنگامی منصوبے کے تحت فراہم کیا جائے۔

اقوام متحدہ کے اعداد و شمار کے مطابق اسرائیل اور لبنان کے درمیان 27 نومبر کو جنگ بندی کے بعد 8 لاکھ سے زائد بے گھر لبنانی شہری گھروں کو لوٹنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔