سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیاں، 19 خارجی دہشت گرد ہلاک
سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا میں 3 مختلف کارروائیاں کرتے ہوئے 19 خوراج دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جب کہ آپریشنز کے دوران بہادری سے لڑتے ہوئے پاک فوج کے 3 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف 3 مختلف کاررائیاں کیں، یہ کارروائیاں صوبائی دارالحکومت پشاور کے علاقے متنی، ضلع مہمند کے علاقے بائیزئی اور ضلع کرک میں کی گئیں۔
ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ پشاور متنی آپریشن میں فتنہ الخوارج کے 8 دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا، مہمند بائیزئی آپریشن میں بھی 8 دہشت گرد مارے گئے، کرک آپریشن میں 3خوارج دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ان کارروائیوں میں مجموعی طور پر 19خوراج دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں سکیورٹی فورسز کے تین جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ کے آخر میں شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 2 کمانڈرز سمیت 9 دہشت گرد ہلاک اور 7 زخمی ہوگئے تھے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ یہ جھڑپ تحصیل میر علی کے علاقے برہو خیل میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران ہوئی، جب سیکورٹی فورسز نے تقریباً 25 عسکریت پسندوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع ملنے کے بعد آپریشن شروع کیا، جو علاقے میں ایک میٹنگ کے لیے جمع ہوئے تھے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ جیسے ہی سیکیورٹی فورسز جائے وقوع پر پہنچیں تو فائرنگ کا شدید تبادلہ شروع ہو گیا، ہلاک ہونے والوں میں عسکریت پسند کمانڈر عبدالحق اور معین بھی شامل ہیں، آپریشن کے دوران 7 عسکریت پسند زخمی بھی ہوئے، ذرائع کے مطابق جائے وقوع سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے۔
اس کارروائی سے قبل فورسز کی خیبرپختونخوا کے 3 مختلف اضلاع میں کارروائیوں میں 13 خارجی دہشت گرد ہلاک اور 8 زخمی ہوگئے تھے جب کہ فائرنگ کے شدید تبادلے میں میجر محمد اویس شہید ہو گئے تھے۔
اس سے قبل 18 دسمبر کو بھی ترجمان پاک فوج نے بتایا تھا کہ سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے 3 مختلف اضلاع میں کارروائیاں کرتے ہوئے 11خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
صدر ، وزیراعظم کی سیکیورٹی فورسز کے افسران و جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف
صدر آصف زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے خیبرپختونخوا میں 3 کارروائیوں کے دوران 19 خارجیوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کے افسران و جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی۔
اپنےبیان میں صدر زرداری خوارج کی ہلاکت پر فورسز کی بہادری کو سراہا اور جام شہادت نوش کرنےوالےتین اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہاکہ پوری قوم فورسز کی جرات و بہادری کو سلام پیش کرتی ہے، ملکی بقا کےلیے سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں قابل تعریف ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پوری قوم دہشت گردی کے عفریت کے مکمل خاتمے کے لیے اپنی بہادر سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، فتنہ الخواراج کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ قوم کو بہادر سیکیورٹی فورسز پر فخر ہے۔
انہوں نے دہشت گردوں کی ہلاکت پرسیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین اورشہیداہلکاروں کوخراج عقیدت پیش کیا۔