گاڑی کی ٹکر سے رینجرز اہلکاروں کی شہادت: گرفتار ملزم 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل حکام کے حوالے
اسلام آباد کی مقامی عدالت نے اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے گزشتہ ماہ احتجاج کے دوران گاڑی کی ٹکر کے نتیجے میں رینجرز اہلکاروں کی شہادت کے مقدمے میں گرفتار ملزم کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل حکام کے حوالے کر دیا۔
ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق رینجرز اہلکاروں پر گاڑی چڑھانے کے کیس میں ملزم ہاشم عباسی کو ڈیوٹی جج جوڈیشل مجسٹریٹ حفیظ احمد کی عدالت میں پیش کیا گیا۔
پولیس کی جانب سے ملزم کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کی استدعا کی گئی، جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے ملزم کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
ملزم کے خلاف تھانہ رمنا میں دہشتگردی سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے، خیال رہے کہ میڈیا رپورٹس میں کہا گیا تھا کہ 26 نومبر کی رات اسلام آباد میں سری نگر ہائی وے پر ایک گاڑی رینجرز اہلکاروں پر چڑھ دوڑی جس کے نتیجے میں متعدد رینجرز اہلکار شہید اور زخمی ہوگئے تھے، اس کے بعد وفاقی دارالحکومت میں پاک فوج کو طلب کرلیا گیا تھا اور شرپسندوں کو دیکھتے ہی گولی مارنے کے احکامات دیے گئے تھے۔