پاکستان

جنرل (ر) قمر باجوہ نے کالعدم ’ٹی ٹی پی‘ سے مذاکرات کا کہا تھا، عمر ایوب

وزیرداخلہ محسن نقوی نے ڈی چوک امریکی اور برطانوی اسلحے کے ذریعے خالی کروایا، رہنما پی ٹی آئی کا دعویٰ

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنما اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمرایوب نے کہا ہے کہ ہمارے دور حکومت میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے مذاکرات کا جنرل (ر) باجوہ نے کہا تھا، یہ کسی فرد واحد کا فیصلہ نہیں تھا، اس وقت قومی سلامتی اجلاس میں حکومت اور اپوزیشن کے اراکین شریک تھے۔

اسلام آباد میں پی ٹی آئی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان ٹائمز کا دور نہیں، یہ ایسا وقت ہے جہاں معلومات لوگوں تک پہنچ جاتی ہے، حکومت کی جانب سے انٹرنیٹ کی رفتار کے سست کرنے کے باوجود نوجوانوں تک انفارمیشن پہنچ جاتی ہے۔

انہوں نے اپنے دور حکومت میں کالعدم ٹی ٹی پی کے ساتھ ہونے والے مذاکرات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن اور حکومت کے اراکین کو اس وقت کی فوجی قیادت نے اعتماد میں لیا تھا، اسد قیصر نے قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس صدارت کی تھی، جنرل (ر) باجوہ نے یہ بات کہی تھی کہ ہر ایک جنگ اور تنازع کا اختتام مذاکرات کے ساتھ ہوتا ہے، ہمارے دور کے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف، یوسف رضا گیلانی، بلاول بھٹو، خواجہ آصف کے علاوہ بھی اراکین اس اجلاس میں موجود تھے۔

اسمگلنگ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا کی سرحد پر معاملات جن لوگوں کے ہاتھ میں ہیں ان سے ضرور سوال کیا جائے، ریاستی وسائل کو بروئے کار لاکر اسمگلنگ کا سدباب کیا جائے اور یہ صرف اس صورت ممکن ہوگا جب ادارے اپنا کام کریں گے۔

عمر ایوب نے کہا کہ 5 جولائی 2022 کو پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نہیں تھی، اس وقت کی پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) حکومت نے کہا تھا کہ ہمارے مذاکرات کالعدم ٹی ٹی پی کے ساتھ چل رہے ہیں۔

پی ٹی آئی کی حکومت کے خاتمے کے بعد پی ڈی ایم کی حکومت میں کالعدم ٹی ٹی پی کے ساتھ بات جاری ر کھی گئی، اس وقت کی عسکری قیادت اور حکومت نے مذاکرات کے جاری رہنے کی بات کی تھی۔

9 مئی اور 26 نومبر کے واقعات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ہمارا بنیادی مطالبہ ہے کہ مذکورہ واقعات پر جوڈیشل کمیشن بنایا جائے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا تھا کہ وہ ڈی چوک 5 منٹ میں خالی کروائیں گے، انہوں نے یہ کام کیا لیکن وہاں پر نائن الیون کے بعد دہشت گردی کی جنگ میں استعمال ہونے والے ہتھیار استعمال کیے گئے۔

کسی قسم کے تشدد اور انتہا پسندی کے حامی نہیں، شبلی فراز

رہنما پی ٹی آئی شبلی فراز کا کہنا تھا کہ تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کیا جائے، تشدد اور انتہاپسندی کے حامی نہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان سے لے کر تمام ورکرز کو سیاسی مقدمات میں الجھایا گیا ہے، ہم پرامن جماعت ہیں اور کسی قسم کے تشدد اور انتہاپسندی کے حامی نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم تمام غیر جمہوری طور طریقوں کی مذمت کرتے ہیں، یہ ملک آئین کی بنیاد پر چلنا چاہیے، حکومت کے ساتھ مذاکرات میں اس تاثر کو رد کرنا چاہتے ہیں کہ عمران خان اپنے لیے گنجائش ڈھونڈ رہے ہیں، وہ پاکستان کی عوام کے لیے جیل کے اندر ہیں اور انہوں نے جو اصول مؤقف اپنایا ہوا ہے اس پر وہ قائم ہیں، جو بھی بات چیت ہوگی اسی تناظر میں ہوگی۔

شبلی فراز کا کہنا تھا کہ عمران خان 500 سے زائد دن ہوگئے ہیں، وہ اپنی پوزیشن پر قائم ہیں، مذاکرات کی کامیابی اور ناکامی کی ذمہ دار حکومت ہوگی، مہنگائی نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔

افغانستان کے حوالے سے پالیسی احمقانہ ہے، اسد قیصر

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے پریس کانفرنس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کالعدم ٹی ٹی پی کے ساتھ مذاکرات کے حوالے سے رانا ثنااللہ کا 22 جولائی 2022 کو کیا جانے والا ٹوئٹ موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان کے حوالے سے پالیسی احمقانہ ہے، پڑوسی ممالک کے ساتھ ہمارے تعلقات اچھے نہیں ہیں اور ایک نئی جنگ شروع کرنا انتہائی قابل تشویش ہے۔

واضح رہے کہ ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) انٹر سروسز پبلک ریلیشن (آئی ایس پی آر) لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے گزشتہ روز (27 دسمبر) کو عمران خان کے پاکستان کی افغان پالیسی میں خرابی کے بیان پر جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ 2021 میں فتنۃ الخوارج کی کمر ٹوٹ گئی تھی اور وہ فرار ہو رہے تھے تو اس وقت بات چیت کے ذریعے انہیں دوبارہ آباد کیا گیا۔

انہوں نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے حوالے سے کہا تھا کہ 2021 میں بھی ضد کے ذریعے انہیں دوبارہ آباد کیا گیا تھا، اس ضد کی قیمت پاکستان اور بالخصوص خیبرپختونخوا ادا کر رہا ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم انسداد دہشت گردی کے حساس ترین مسئلے پر سیاست، کنفیوژن اور بیانیہ سازی کے بجائے خیبرپختونخوا میں گڈ گورننس پر توجہ دیں۔

پی ٹی آئی سے مذاکرات کا عمل کامیاب ہونا چاہیے، کسی کی سیاست کو دفن نہیں کیا جاسکتا، سعد رفیق

مذاکرات کو 31 جنوری تک منطقی انجام تک پہنچانا چاہتے ہیں، صاحبزادہ حامد رضا

15 دن میں ایسا کیا تعویز آیا کہ پی ٹی آئی مذاکرات کررہی ہے؟ خواجہ آصف