دنیا

اسرائیل کی غزہ میں جارحیت جاری، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 58 فلسطینی شہید

گزشتہ برس اکتوبر میں اسرائیلی حملے کے بعد سے غزہ میں شہادتوں کی تعداد 45 ہزار 317 تک جا پہنچی ہے، وزارت صحت غزہ

اسرائیل کی غزہ میں جارحیت کا سلسہ جاری ہے جب کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 58 فلسطینی شہید کردیے گئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق محصور علاقے کی وزارت صحت نے کہا کہ گزشتہ برس اکتوبر میں اسرائیلی حملے کے بعد سے غزہ میں شہادتوں کی تعداد 45 ہزار 317 ہوگئی ہے۔

اسرائیلی وحشیانہ کارروائیوں کا نشانہ بننے والے فلسطینی علاقے غزہ کی وزارت صحت نے ایک بیان میں کہا کہ صہیوبی فوج کے حملوں میں 7 اکتوبر 2023 سے اب تک کم از کم 45 ہزار 317 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔

وزارت صحت کے جاری کردہ بیان کے مطابق اسرائیلی جارحیت میں زخمی ہونے والوں کی تعداد ایک لاکھ 7 ہزار 713 تک جا پہنچی ہے۔

وزارت صحت کے بیان میں مزید کہا گیا کہ صرف گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہی اسرائیلی حملوں میں 58 افراد شہید ہوچکے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز اسرائیلی فوج نے رات گئے غزہ کے 2 ہسپتالوں اور ایک پناہ گزین کیمپ پر حملے کرکے قانون ساز کونسل کے رکن سمیت مزید 32 فلسطینیوں کو شہید کردیا تھا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق غزہ سٹی کے نواحی علاقے دراج میں اسرائیلی فضائیہ اسکول میں قائم پناہ گزینیوں کے کیمپ پر اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں 8 فلسطینی شہید ہوگئے تھے، الجزیرہ کے مطابق اس سے پہلے کیے گئے حملوں میں 14 فلسطینی شہید ہوگئے تھے۔

اسرائیلی طیاروں نے ہفتے کو نصیرت کیمپ اور دیرالبلاح پر بمباری کی تھی، اسرائیلی فوج کے حملوں میں خاتون 3 بیٹیوں کے ساتھ جان گنوا بیٹھی تھی۔