پاکستان

پاک فوج فتنہ الخوارج، اس کے سہولت کاروں کو شکست دے گی، آرمی چیف

ملک میں دیرپا اور پائیدار امن کا قیام یقینی بنائیں گے، شہدا کو بھولیں گے نہ ان کا خوں رائیگاں جائے گا، جنرل عاصم منیر کا دورہ وانا کے دوران عزم

چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاک فوج فتنہ الخوارج اور اس کے سہولت کاروں کو شکست دے گی، ریاست کے خلاف مذموم سرگرمیوں، سہولت کاری اور مالی معاونت کرنے والوں کے خاتمے تک ان کا پیچھا کیا جائے گا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے خیبر پختونخوا کے ضلع جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا کا دورہ کیا، دورے کے موقع پر آرمی چیف کو انسداد دہشت گردی کے لیے جاری آپریشن پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے افسران اور فوجی جوانوں کے ساتھ بات چیت کی اور دہشت گردی کا مقابلے کرنے والے جوانوں کی ثابت قدمی کو سراہا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق اس موقع پر آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ شہدا پاکستان کا فخر ہیں اور ان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا، پاک فوج قوم کی حمایت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مل کر ملک میں امن و استحکام کی بحالی یقینی بنائے گی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج دہشت گردی اور انتہا پسندی کی تمام شکلوں کو ختم کرنے کے لیے ثابت قدم رہے گی۔

بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے جوانوں کو قوم کے حقیقی ہیرو قرار دیا اور کہا کہ مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے جوانوں کی بہادری پورے ملک کو متاثر کرتی ہے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق جنرل سید عاصم منیر نے فتنہ الخوارج کے تعاقب کے لیے پاک فوج کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ ریاست کے خلاف مذموم سرگرمیوں، سہولتکاری اور مالی معاونت کرنے والوں کے خاتمے تک ان کا پیچھا کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ آرمی چیف کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب کہ گزشتہ روز سیکیورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان کے علاقے مکین میں چیک پوسٹ پر حملے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 8 خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا تھا، تاہم فائرنگ کے تبادلے میں 16 جوان شہید ہو گئے تھے۔

اس حملے کے حوالے سے آئی ایس پی آر نے بتایا تھا کہ 20 اور 21 دسمبر کی درمیانی شب خوارج کے ایک گروپ نے جنوبی وزیرستان کے ضلع مکین کے علاقے میں سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملہ کرنے کی کوشش کی، سیکیورٹی فورسز نے حملے کو مؤثر طریقے سے ناکام بنا دیا اور فائرنگ کے تبادلے میں 8 خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، تاہم شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران 16 بہادر جوانوں نے بہادری سے لڑتے ہوئے شہادت کو گلے لگا لیا۔

اس سے قبل آئی ایس پی آر نے بتایا تھا کہ سیکیورٹی فورسز نے خیبر کے علاقے راجگال میں پاک۔افغان بارڈر پر فتنہ الخوارج کی در اندازی کی کوشش ناکام بنا دی تھی، فورسز کی کارروائی میں 4 خارجی مارے گئے تھے۔