پاکستان

جنوبی وزیرستان: دہشت گردوں کی چیک پوسٹ پر حملے کی کوشش، 16 جوان شہید، 8 خارجی ہلاک

سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں، بہادرجوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں، آئی ایس پی آر

سیکیورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان کے علاقے مکین میں چیک پوسٹ پر حملے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 8 خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، تاہم فائرنگ کے تبادلے میں 16 جوان شہید ہو گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بتایا کہ 20 اور 21 دسمبر کی درمیانی شب خوارج کے ایک گروپ نے جنوبی وزیرستان کے ضلع مکین کے علاقے میں سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملہ کرنے کی کوشش کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے حملے کو مؤثر طریقے سے ناکام بنا دیا اور فائرنگ کے تبادلے میں 8 خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ تاہم شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران 16 بہادر جوانوں نے بہادری سے لڑتے ہوئے شہادت کو گلے لگا لیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شہدا میں لانس نائیک لیاقت علی، محمد اسحٰق، حوالدار ایوب خان، حوالدار عمر حیات، سپاہی محبوب رحمٰن، حوالدار محمد حیات، لانس نائیک شیر محمد، سپاہی احسان الحق، سپاہی جنید، لانس نائیک حامد علی، سپاہی کلیم اللہ، حوالدار طاہر محمود، لانس نائیک مصور شاہین، سپاہی فیض محمد،سپاہی طیب علی اور سپاہی جنید شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ علاقے میں ممکنہ خارجی دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔

آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

وزیر اعظم شہباز شریف کا اظہار مذمت

دریں اثنا، وزیرعظم شہباز شریف نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے سکیورٹی فورسز کے 16 شہدا کو خراج عقیدت پیش کی ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق ایک بیان میں انہوں نے شہدا کے درجات بلند کرنے کے لیے دعا کی اور اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا۔

وزیراعظم نے 8 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا، شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز سیسہ پلائی دیوار کی مانند دہشت گردوں کے سامنے کھڑی ہیں، پوری قوم شہداء کو سلام پیش کرتی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پر عزم ہیں۔

واضح رہے کہ آج صبح آئی ایس پی آر نے بتایا تھا کہ سیکیورٹی فورسز نے خیبر کے علاقے راجگال میں پاک۔افغان بارڈر پر فتنہ الخوارج کی در اندازی کی کوشش ناکام بنا دی، فورسز کی کارروائی میں 4 خارجی مارے گئے جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں دھرتی کا بہادر سپوت نے جام شہادت نوش کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے 19 اور 20 دسمبر کی رات پاک۔افغان بارڈر پر خارجیوں کے گروہ کی نقل و حرکت کا پتا چلایا، کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 4 خارجیوں کو ہلاک کر دیا گیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا تھا کہ فائرنگ کے تبادلے میں خیبر سے تعلق رکھنے والا 22 سالہ سپاہی عامر سہیل آفریدی شہید ہو گیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان، افغان عبوری حکومت سے مسلسل مؤثر بارڈر مینجمنٹ کا تقاضہ کرتا چلا آیا ہے۔