دنیا

بھارت: پریانکا گاندھی کا اظہار یکجہتی، فلسطینی بیگ کے ساتھ پارلیمنٹ پہنچ گئیں

میں وہی پہنوں گی، جو میں پہنا چاہتی ہوں، متعدد بار بتا چکی ہوں کہ میرے خیالات کیا ہیں، نو منتخب کانگریس رکن کی صحافیوں سے گفتگو

بھارت میں کانگریس کی نو منتخب رکن اسمبلی پریانکا گاندھی فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے پارلیمنٹ کے اپنے پہلے اجلاس میں فلسطین لکھا بیگ لے کر پہنچ گئیں۔

بھارتی ادارے ’این ڈی ٹی وی‘ کی رپورٹ کے مطابق پریانکا گاندھی ریاست کیرالہ سے حالیہ انتخابی کامیابی کے بعد اپنے پہلے پارلیمنٹ اجلاس میں شرکت کے لیے پہنچی تھیں اور انہوں نے 7 اکتوبر 2023 کے بعد سے اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ میں مظالم کے خلاف آواز بلند کر رکھی ہے۔

رپورٹ کے مطابق اس سے قبل انہوں نے اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو پر بھی تنقید کی تھی اور غزہ میں اسرائیلی حکومت کے مظالم کو ’نسل کشی‘ قرار دیا تھا۔

ان کے بیگ پر ایک تربوز بھی نمایاں تھا، جسے فلسطینیوں کی یکجہتی کی علامت کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔

اس پر حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی جانب سے شدید ردعمل دیا گیا تھا۔

تاہم، آج انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں وہی پہنوں گی، جو میں پہنا چاہتی ہوں۔

بیگ اٹھاتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میں متعدد بار بتا چکی ہوں کہ اس بارے میں میرے خیالات کیا ہیں، اگر آپ میرے ٹوئٹر ہینڈل کو دیکھیں تو میرے تمام بیانات وہاں موجود ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے پریانکا گاندھی نے نئی دہلی میں فلسطینی سفارت خانے کے ناظم الامور ’چارج ڈی افیئر‘ عابد الرازگ ابو جزر سے بھی ملاقات کی تھی۔

26 جولائی 2024 کو انہوں نے کہا تھا کہ ہر کسی بشمول نفرت اور تشدد پر یقین نہ رکھنے والے اسرائیلی شہری اور دنیا بھر میں ہر حکومت کی کی ’اخلاقی ذمہ داری‘ ہے کہ اسرائیلی حکومت کی مذمت کریں۔