پاکستان

سیکیورٹی فورسز کا ڈیرہ اسمٰعیل خان میں آپریشن، 2 خارجی دہشت گرد ہلاک

دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا، آپریشن کے نتیجے میں دو خوارج ہلاک اور ایک زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا، آئی ایس پی آر

خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسمٰعیل خان میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے نتیجے میں 2 خارجی دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے ڈیرہ اسمٰعیل خان کے علاقے کلاچی میں کارروائی کی، آپریشن کے دوران خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں 2 خوارج مارے گئے جبکہ ایک کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔

آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں کہا کہ خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا، جو سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں کے ساتھ ساتھ معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی سرگرم رہے۔

خیال رہے کہ 2 روز قبل خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز نے 3 کارروائیاں کرتے ہوئے 22 خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کیا تھا جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں 6 جوان بھی شہید ہوئے تھے۔

دریں اثنا، صدر مملکت آصف زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے علیحہ علیحدہ جاری بیان میں خیبرپختونخوا میں خارجی دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا تھا۔