کھیل

آئی سی سی چیمپینز ٹرافی کے شیڈول سے پہلے ہی ایونٹ کا پرومو جاری کردیا گیا

چیمپئنز ٹرافی 2025 کے براڈ کاسٹرز کی جانب سے 20 سیکنڈ کی ویڈیو میں روہت شرما، ویرات کوہلی، شاہین آفریدی، پیٹ کمنز سمیت دیگر کھلاڑیوں کو دکھایا گیا ہے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان میں شیڈول چیمپئنز ٹرافی 2025 کا شیڈول سے پہلے ہی براڈ کاسٹرز نے ایونٹ کا پرومو جاری کردیا۔

اسٹار اسپورٹس کی جانب سے اپنے یوٹیوب چینل پر جاری چیمپئنز ٹرافی 2025 کے پرومو میں بھارت کے موجودہ اور سابق کپتان (روہت شرما اور ویرات کوہلی) سے ویڈیو کا آغاز کیا گیا ہے۔

چیمپئنز ٹرافی کے پرومو میں جنوبی افریقہ کے ڈی کاک اور ریزا ہینٹرکس، آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز، ڈیوڈ وارنر، انگلینڈ کے جوفرا آرچر، پاکستان کے فاسٹ باؤلر شاہین آفریدی اور بھارت باؤلر جسپریت بمرا کے علاوہ دیگر کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے۔

20 سیکنڈ کی ویڈیو میں ’جلد آرہا ہے‘ بھی لکھا ہوا ہے جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ ایونٹ کے براڈکاسٹرز کو بھی آئی سی سی کی جانب سے شیڈول کے باضابطہ اجرا کے بارے میں کوئی معلومات نہیں ہے۔

دوسری جانب، چیمپئنز ٹرافی کے شیڈول سے متعلق اب بھی حتمی طور پر کچھ طے نہیں ہوا ہے، بھارتی میڈیا یہ دعویٰ کرتی دکھائی دیتی ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ ’ہائبرڈ‘ ماڈل پر رضامند ہوچکا ہے۔

تاہم، دیگر رپورٹس میں یہ دعویٰ کیا جارہا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ہائبرڈ ماڈل کے لیے جو شرط عائد کی ہے، بھارت اس پر رضامند ہوچکا ہے ، جس کے تحت اگر بھارت میچز کھیلنے پاکستان نہیں آئے گا تو پاکستان بھی بھارت میں شیڈول کسی بھی ایونٹ میں نہیں جائےگا اور 3 سال تک دونوں ٹیموں کے دوران میچز دبئی میں کھیلے جائیں گے۔

گزشتہ روز چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے وزیراعظم سے ملاقات کی جس میں شہباز شریف جو پاکستان کرکٹ بورڈ کے پیٹرن ان چیف بھی ہیں، انہوں نے محسن نقوی کو اپنی مکمل حمایت کی یقین دہانی کروائی۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ سے متعلق آپ کا مؤقف ہر پاکستانی کے دل کی آواز ہے، آئی سی سی میں آپ نے پاکستان کے 24 کروڑ عوام کی ترجمانی کی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عزت سب سے پہلے ہے اور اس کے بعد کچھ اور ہے۔

اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ پی سی بی پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کے انعقاد کے لیے تیار ہے، ہم پاکستان اور کرکٹ کی جیت چاہتے ہیں۔

چیمپئنز ٹرافی کا اعلان

یہ بات قابل ذکر ہے کہ آئی سی سی کو چیمپینز ٹرافی کے شیڈول کا اعلان قانونی طور پر 21 نومبر سے پہلے کرنا تھا، 20 نومبر کو ڈان نیوز نے رپورٹ کیا تھا کہ آئی سی سی کے لیے چیمپئنز ٹرافی 2025 کے حوالے سے پاک-بھارت تنازع درد سر بن گیا ہے اور آئی سی سی کا ہنگامی اجلاس بلائے جانے کا امکان ہے۔

آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ 1996 اور 2008 کے ایشیا کپ کے بعد پاکستان کو ایک عرصے بعد پہلی بار چیمپئنز ٹرافی 2025 کی صورت میں آئی سی سی کے کسی بڑے ایونٹ کی میزبانی ملی ہے، جس کے تمام میچز اگلے سال 19 فروری سے 19 مارچ تک پاکستان کے تین بڑے شہروں کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔

تاہم بھارتی کرکٹ بورڈ ( بی سی سی آئی) اپنی حکومت کی جانب سے دورہ پاکستان کی اجازت نہ ملنے پر پاکستان آمد سے انکار کرتے ہوئے اپنے میچز نیوٹرل وینیو پر منتقل کرنے کی تجویز پیش کرچکا ہے تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ نیوٹرل وینیو پر کھیلنے سے انکاری اور بھارت کے بغیر ٹورنامنٹ کرانے پر مُصر ہے۔

بھارت نے ایشیا کپ 2008 کے بعد سے پاکستان میں کوئی میچ نہیں کھیلا، جبکہ 13-2012 میں پاکستان کے دورہ بھارت کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان کوئی دو طرفہ سیریز بھی نہیں کھیلی گئی ہے۔

گزشتہ سال بھی ایشیا کپ کی میزبانی پاکستان کو ملی تھی لیکن بھارت نے پاکستان آنے سے صاف انکار کردیا تھا جس کے بعد ہائبرڈ ماڈل کے تحت بھارت کے تمام میچز سری لنکا میں شیڈول کیے گئے تھے، جہاں کولمبو میں کھیلے گئے فائنل میں بھارت نے آسانی سے سری لنکا کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا تھا۔

پاکستان اس چیمپئنز ٹرافی میں دفاعی چیمپئن کے طور پر شریک ہوگا، آخری بار چیمپئنز ٹرافی 2017 میں ہوئی تھی جو پاکستان نے سرفراز احمد کی قیادت میں جیتی تھی۔