کھیل

چیمپئنز ٹرافی پر ڈیڈ لاک برقرار، بھارت کا پاکستان کے ہائبرڈ فیوژن ماڈل پر بھی اعتراض

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے لیے چیمپئنز ٹرافی کے شیڈول کا اجرا درد سر بن گیا، معاملہ حل کرنے کے لیے 5 دسمبر کو دوسرا خصوصی اجلاس طلب کرلیا

چیمپینز ٹرافی کے معاملے میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ’ڈیڈ لاک‘ ختم نہ ہو سکا، بھارت کی ڈھٹائی برقرار ہے اور اس نے پاکستان کی جانب سے پیش کردہ نئے ہائبرڈ فیوژن ماڈل پر بھی اعتراضات اٹھا دیے۔

ڈان نیوز کے مطابق پاکستان کے نئے ہائبرڈ فیوژن ماڈل پر بھارت نے اعتراض کر دیا، معاملے کے حل کے لیے آئی سی سی نے دوسرا اجلاس 5 دسمبر کو طلب کر لیا ہے۔

واضح رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو چیمپینز ٹرافی کے شیڈول کا اعلان قانونی طور پر 21 نومبر سے پہلے کرنا تھا، تاہم چیمپئنز ٹرافی 2025 کے حوالے سے پاک-بھارت تنازع آئی سی سی کے لیے درد سر بن چکا ہے اور آئی سی سی کے 29 نومبر کو اس حوالے سے بلائے گئے ہنگامی اجلاس میں بھی کوئی فیصلہ نہیں ہوسکا تھا۔

اس حوالے سے اطلاعات ہیں کہ 5 دسمبر کو آئی سی سی بورڈ کا ایک اور اجلاس بلایا جارہا ہے، جس میں دونوں فریقین اپنا اپنا موقف پیش کریں گے، جسے سن کر آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے حتمی فیصلہ کرے گا۔

چیمپئنز ٹرافی کے شیڈول کا اعلان نہ ہونے پر براڈ کاسٹرز بھی آئی سی سی کے فیصلے کے منتظر ہیں تاہم پی سی بی اصولی موقف سے پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں ہے۔ 5 دسمبر کو آئی سی سی کے اجلاس میں معاملے پر حتمی فیصلہ اور شیڈول آنے کا امکان ہے۔

یاد رہے کہ آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ 1996 اور 2008 کے ایشیا کپ کے بعد پاکستان کو طویل عرصے بعد پہلی بار چیمپئنز ٹرافی 2025 کی صورت میں آئی سی سی کے کسی بڑے ایونٹ کی میزبانی ملی ہے، جس کے تمام میچز اگلے سال 19 فروری سے 19 مارچ تک پاکستان کے 3 بڑے شہروں کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔

تاہم بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) اپنی حکومت کی جانب سے دورہ پاکستان کی اجازت نہ ملنے پر پاکستان آمد سے انکار کرتے ہوئے اپنے میچز ’نیوٹرل وینیو‘ پر منتقل کرنے کی تجویز پیش کرچکا ہے، لیکن پاکستان کرکٹ بورڈ نیوٹرل وینیو پر کھیلنے سے انکاری اور بھارت کے بغیر ٹورنامنٹ کرانے پر مُصر ہے۔