پاکستان

پی ٹی آئی احتجاج: ’سری لنکا اے‘ ٹیم کا وطن واپسی کا فیصلہ، بقیہ میچز ملتوی

سری لنکن کرکٹ بورڈ کے ساتھ رابطے میں ہیں، میچز کی نئی تاریخوں کا اعلان جلد کیا جائے گا، پی سی بی

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے احتجاج کے باعث سری لنکا اے ٹیم نے وطن واپسی کا فیصلہ کرلیا، ون ڈے سیریز کے بقیہ میچ ملتوی کردیئے گئے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں سیاسی کشیدگی کے باعث پاکستان شاہینز اور سری لنکا اے کے درمیان بقیہ دو ایک روزہ میچز کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

پی سی بی کا کہنا تھا کہ سری لنکن کرکٹ بورڈ کے ساتھ رابطے میں ہیں، نئی تاریخوں کا اعلان جلد کیا جائے گا۔

تین میچوں کی سیریز کے آخری دو میچز بدھ اور جمعے کو راولپنڈی میں کھیلے جانے تھے۔

خیال رہے کہ پاکستان شاہینز نے 2 چار روزہ میچز کی سیریز 0-1 سے اپنے نام کی تھی جبکہ پہلے ون ڈے میچ میں 108 رنز سے فتح حاصل کی تھی۔

پاکستان شاہینز نے محمد ہریرہ کی کپتانی میں پہلے چار روزہ میچ میں سری لنکن ٹیم کو 7 وکٹوں سے شکست دی تھی جبکہ دونوں ٹیم کے درمیان راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا گیا دوسرا میچ ڈرا ہو گیا تھا۔

اسی طرح پاکستان شاہینز نے پہلے ایک روزہ میچ میں مڈل آرڈر بیٹر حیدر علی کی شاندار سینچری کی بدولت سری لنکن ٹیم کو 108 رنز سے شکست دی تھی۔