کھیل

چیمپئنز ٹرافی: آئی سی سی بورڈ کا اجلاس 29 نومبر کو پاک بھارت تنازع کا فیصلہ کرے گا

بھارتی ٹیم کے پاکستان آنے سے انکار اور پی سی بی کی جانب سے ہائبرڈ ماڈل کو مسترد اور پاکستان میں ہی چیمپئنز ٹرافی کروانے کے اپنے سخت مؤقف پر ڈٹے رہنے کی وجہ سے شیڈول تاخیر کا شکار ہے۔

بھارت کی جانب سے آئی سی سی چمپئنز ٹرافی پاکستان میں نہ کھیلنے کے معاملے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی) نے 29 نومبر کو بورڈ کا اجلاس طلب کرلیا۔ ذرائع کے مطابق آئی سی سی بورڈ کے اجلاس میں تمام 15 ارکان شرکت کریں گے۔ اس اجلاس میں ’چیمپئنز ٹرافی‘ کے شیڈول کے حوالے سے بھی بات چیت کی جائے گی۔

آئی سی سی نے جمعہ کو ہونے والے بورڈ اجلاس کی تصدیق کر دی ہے، آئی سی سی بورڈ چیمپئینز ٹرافی پر پاک بھارت تنازع کے حوالے سے فیصلہ کرے گا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھارتی چینل انڈیا ٹوڈے نے آئی سی سی کے بورڈ کا اجلاس 26 نومبر کو طلب کرنے کی خبر رپورٹ کی تھی۔ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے شیڈول کا اعلان قانونی طور پر 21 نومبر سے قبل کیا جانا تھا تاہم بھارتی ٹیم کے پاکستان آنے سے انکار اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے ہائبرڈ ماڈل کو مسترد اور پاکستان میں ہی چیمپئنز ٹرافی کروانے کے اپنے سخت موقف پر ڈٹے رہنے کی وجہ سے شیڈول کا اعلان تاخیرکا شکار ہے۔

اس حوالے سے معلوم ہوا ہے کہ آئی سی سی بورڈ کا اجلاس ویڈیو لنک پر ہوگا، بورڈ کےاجلاس میں چیمپئنز ٹرافی کے پاکستان میں انعقاد سے متعلق مختلف آپشنز پر غور کیاجائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ ، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی) پر چیمپئنز ٹرافی ہائبرڈ ماڈل کے تحت کرانے پر زور ڈال رہا ہے، پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) حکومتی ہدایت کے تحت ہائبرڈ ماڈل قبول کرنے کو تیار نہیں ہے، پاک بھارت ڈیڈلاک برقرار رہا تو آئی سی سی بورڈ، ممبرز کی ووٹنگ کرواکر بھی فیصلہ کر سکتا ہے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) کے بورڈ کے اجلاس میں چیمپئنز ٹرافی کے شیڈول کے بارے میں بھی گفتگو کی جائے گی۔