دنیا

غزہ: اسرائیلی فورسز کے تازہ حملے، 48 گھنٹوں کے دوران مزید 120 فلسطینی شہید

شمالی غزہ میں ہسپتال کو بھی نشانہ بنایا گیا، طبی عملے کے متعدد ارکان زخمی، لبنان سے متعدد ڈرونز اسرائیلی حدود میں داخل ہونے پر سائرن بج اٹھے

اسرائیلی فورسز کی جانب سے غزہ پٹی پر تازہ حملوں میں 48 گھنٹوں کے دوران مزید 120 فلسطینی شہید ہوگئے۔

فلسطین کے محکمہ صحت کے حکام نے بتایا کہ ’ صہیونی فوج نے سفاکانہ کارروائی میں شمالی حصے میں ایک ہسپتال کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں طبی عملے کے متعدد ارکان زخمی ہوئے، حملے میں طبی آلات کو بھی نقصان پہنچا ’۔

محکمہ صحت کے مطابق غزہ کے مضافاتی علاقے زیتون میں رات گئے اسرائیلی فورسز نے ایک گھر کو نشانہ بنایا، اس حملے میں ایک ہی خاندان کے 7 افراد شہید ہوئے۔ اس کے علاوہ دیگر افراد وسطی اور جنوبی غزہ پر کیے گئے حملوں میں شہید ہوئے۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ اکتوبر میں اسرائیل اور حماس کی جنگ کو ایک سال مکمل ہونے کے بعد سے ہی غزہ کے شمالی علاقے اسرائیلی دراندازی اور بمباری سے شید متاثر ہیں، اس علاقے میں فلسطینی محصورین کی بڑی تعداد آباد ہے۔

حماس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ شمالی غزہ میں اسرائیلی فورسز کے حملے کے نتیجے میں اسرائیل کی ایک خاتون قیدی بھی ہلاک ہوگئی ہے۔

ترجمان ابو عبیدہ نے کہا کہ اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو کی وجہ سے ہلاک ہونے والی اسرائیلی خاتون کے ساتھ موجود دیگر خواتین قیدیوں کی زندگی کو شدید خطرہ لاحق ہے۔

اسرائیلی فوج کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حماس کی جانب سے جاری اس بیان کی تفتیش کی جارہی ہے۔

مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ انہیں خدشہ ہے کہ اسرائیل کے مسلسل حملوں کا مقصد علاقے کو لوگوں سے خالی کراکر اسے ’بفر زون ’ بنانا ہے تاہم اسرائیل اس بات سے انکار کرتا آیا ہے۔

غزہ کی شمالی پٹی میں واقع 3 ہسپتالوں میں سے ایک کمال ادوان ہسپتال بمشکل اپنے آپریشنز جاری رکھے ہوئے ہے۔

ہسپتال کے ڈائریکٹر حسین ابو صفیہ نے حالیہ صہیونی بمباری کے تناظر میں کہا کہ اسرائیلی فورسز کے حملے کے بعد طبی عملے کو ہسپتال کی عمارت سے نکل کر بھاگنا پڑا۔

واضح رہے کہ اسرائیلی فورسز کی جانب سے غزہ پر 13 ماہ سے جاری حملوں کے نتیجے میں اب تک 44 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جب کہ غزہ کے حکام کا کہنا ہے کہ غزہ کی پوری آبادی کو کم از کم ایک بار اپنے گھر بار چھوڑ کر نقل مکانی کرنی پڑی ہے۔

لبنان سے ڈرون اسرائیل میں داخل ہونے پر سائرن بج اٹھے

اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ لبنان کی جانب سے اسرائیل کی حدود میں داخل ہونے والے ڈرونز کی مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔

الجزیرہ کی رپورٹس کے مطابق عالمی وقت کے مطابق 04:30 بجے تک ڈرونز کی اسرائیلی حدود عبور کرنے کا سلسلہ جاری تھا۔

ٹائمز آف اسرائیل نے رپورٹ کیا کہ لبنان سے آنے والے ڈرونز کے اسرائیلی حدود میں داخل ہونے کے بعد مغربی اور بالائی گیلیلی خطے میں سائرن بج اٹھے۔