دنیا

امریکا میں بیلٹ بکسوں پر حملے: سیکیورٹی حکام کا ’انتہا پسندوں‘ کے خطرے کا انتباہ

مبینہ طور پر ڈیوائس کے نتیجے میں لگنے والی آگ سے کچھ ووٹوں کو نقصان پہنچا ہے، تاہم کسی شخص کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے، حکام

امریکا میں صدارتی انتخاب کے حوالے سے ووٹ جمع کرنے والے بیلٹ باکسوں پر حملوں کے نتیجے میں انتظامیہ پر دباؤ بڑھ گیا ہے جبکہ سیکیورٹی حکام الیکشن سے متعلق ممکنہ پر تشدد واقعات پر انتباہ جاری کیا ہے۔

امریکی نیوز ویب سائٹ ’وائس آف امریکا‘ کی رپورٹ کے مطابق انتظامیہ کو امید ہے کہ قبل از وقت ووٹ ڈالنے کے عمل یا آئندہ ہفتے کروڑوں افراد کی جانب سے پولنگ اسٹیشن جا کر اپنے ووٹ کاسٹ کرنے کے دوران محفوظ اور پرامن صدارتی انتخاب ہوں گے۔

تاہم، امریکا کی شمال مغربی ریاست واشنگٹن کی جانب سے وائس آف امریکا کو تصدیق کی گئی ہے کہ پولیس اور فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن (ایف بی آئی) نے وینکوور شہر میں بیلٹ باکس میں مشتبہ آتشی ڈیوائس ڈالنے کے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

حکام کا کہنا تھا کہ مبینہ طور پر ڈیوائس کے نتیجے میں لگنے والی آگ سے کچھ ووٹوں کو نقصان پہنچا ہے، تاہم کسی شخص کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔

یاد رہے کہ ان بیلٹ باکسوں میں قبل از وقت ڈالے گئے ووٹ تھے۔

امریکا میں 5 نومبر کو شیڈول صدارتی انتخاب سے قبل کئی ریاستوں میں قبل از ووٹنگ جاری ہے، متعدد شہروں میں ڈاک کے ذریعے ڈالے گئے ووٹوں کو مبینہ طور پر جلانے کی کوشش کی گئی ہے۔

وائس آف امریکا نے رپورٹ کیا کہ مقامی میڈیا پر چلنے والی ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وینکوور شہر میں بیلٹ باکس کے قریب فائر بریگیڈ کا عملہ موجود ہے، جبکہ متعدد کاغذات میں آگ لگی ہوئی ہے، یہ ممکنہ طور پر بیلٹ باکس میں موجود ووٹ تھے۔

وینکوور سے چند کلومیٹر دور ریاست اوریگون کے شہر پورٹ لینڈ میں بھی حکام کا کہنا تھا کہ وہاں ایک بیلٹ باکس کو آتشی ڈیوائس سے نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی ہے۔

حکام کے بقول اس بیلٹ باکس کے اندر آگ پر قابو پانے والا سسٹم موجود تھا جس کے سبب آتشی ڈیوائس سے بیلٹ باکس کے اندر موجود تینوں ووٹ محفوظ رہے۔

ادھر، اوریگون ریاست کے سیکریٹری آف اسٹیٹ لا اوون گریفن والاڈے نے ایک بیان میں بتایا کہ کوئی یہ غلطی نہ کرے، بیلٹ باکس پر امریکا کی جمہوریت پر حملہ ہے جو کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔

دوسری جانب، ریاست واشنگٹن کے سیکریٹری آف اسٹیٹ نے بھی جاری بیان مبینہ حملوں کی مذمت کی ہے۔

واشنگٹن کے سیکریٹری آف اسٹیٹ اسٹیو ہوبز نے بتایا کہ اس ’دہشت گردی‘ کی شدید مذمت کرتے ہیں، اس کا مقصد ریاست میں منصفانہ انتخاب میں رکاوٹ پیدا کرنا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ریاست واشنگٹن اور اوریگون میں بیلٹ بکسوں پر ہونے والے حالیہ مبینہ حملوں سے قبل ریاست ایریزونا کے شہر فینکس میں گزشتہ ہفتے ایک ووٹوں کے میل بکس پر حملہ کیا گیا تھا، حکام نے ایک شخص کو گرفتار کرنے اور آتشزدگی سے 20 ووٹوں کو نقصان پہنچنے کی تصدیق کی تھی۔

مختلف ریاستوں میں بیلٹ یا میل بکسوں پر حملوں کے واقعات ایسے وقت میں ہوئے ہیں جبکہ سیکیورٹی حکام نے الیکشن سے متعلق ممکنہ پر تشدد واقعات پر انتباہ جاری کیے ہیں، ہیں، اس حوالے سے امریکا میں موجود انتہا پسند عناصر کے ملوث ہونے کے حوالے سے خبردار کیا گیا ہے۔