غزہ اور لبنان کے متاثرین کے لیے پاکستان سے امداد کی 13ویں کھیپ روانہ
پاکستان نے جنگ سے متاثرہ غزہ اور لبنان کے افراد کے لیے انسانی امداد کی ایک اور کھیپ بھیجی جس میں موسم سرما کے لیے 10 ٹن خیمے اور کمبل بھی شامل ہیں۔
ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق امدادی کھیپ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر روانہ کی۔
اسرائیل کی بمباری سے متاثرہ افراد کے لیے اسلام آباد سے عمان (اردن) بھیجی جانے والی یہ 13ویں کھیپ ہے اور اب تک پاکستان مجموعی طور پر 1ہزار 381 ٹن امدادی سامان غزہ اور لبنان کے متاثرہ لوگوں کے لیے بھیج چکا ہے۔
اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر سامان بھیجنے کے لیے منعقدہ تقریب میں وفاقی حکومت کے ترجمان برائے قانونی امور بیرسٹر عقیل ملک، پاکستان میں فلسطین کے سفیر زُہیر ایم ایچ درزید، این ڈی ایم اے، وزارت خارجہ اور مسلح افواج کے نمائندوں نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے فلسطین اور لبنان کی جنگ سے متاثرہ آبادیوں کو جاری تنازعات اور متاثرہ برادریوں کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے فوری امداد فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا، انہوں نے مصیبت میں اپنے بھائیوں اور بہنوں کی مدد کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور ان کوششوں کو تقویت دینے کے لیے فلاحی تنظیموں اور پاکستانی عوام کے تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔
فلسطینی سفیر نے پاکستانی عوام کی جانب سے غزہ کے لیے غیرمتزلزل حمایت اور فراخدلی سے دی جانے والی انسانی امداد کے لیے تہہ دل سے شکریہ ادا کیا، انہوں نے کہا کہ اس مشکل وقت میں یکجہتی امید کی کرن اور ہمارے درمیان پائیدار بندھن کا ثبوت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی طرف سے انسانی امداد صرف ضروری سامان کی لائف لائن نہیں ہے بلکہ ہمدردی اور اتحاد کا ایک طاقتور پیغام ہے۔
تازہ ترین کھیپ سے قبل پاکستان نے 1ہزار 281 ٹن امدادی سامان پر مشتمل کل 12 کھیپیں غزہ اور لبنان روانہ کی تھیں، ان میں سے 10 کھیپیں (1ہزار 151 ٹن) غزہ بھیجی گئیں جبکہ دو امدادی کھیپیں (130 ٹن) لبنان روانہ کی گئی تھیں۔