دنیا

حماس نے یحییٰ سنوار کی شہادت کی تصدیق کردی

طوفان الاقصیٰ کے کمانڈر یحییٰ سنوار کی شہادت پر سوگ کا اعلان کرتے ہیں، غزہ میں جنگ بندی کے بغیر اسرائیلی یرغمالیوں کی واپسی نہیں ہوگی، غزہ میں حماس کے نائب سربراہ خلیل الحیہ

حماس نے اپنے سربراہ یحییٰ سنوار کی اسرائیلی فوج کے ساتھ جھڑپ میں شہادت کی تصدیق کردی، حماس کے عسکری بازو عزالدین القسام بریگیڈ نے بھی اپنے سربراہ کی شہادت کی تصدیق کرتے ہوئے انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق غزہ میں حماس کے نائب سربراہ اور چیف مذاکرات کار خلیل الحیہ نے جمعے کو ایک بیان میں یحییٰ سنوار کی شہادت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ’یحییٰ سنوار نے اپنی زندگی کے آخری لمحے تک صف اول میں رہتے ہوئے ہاتھ میں ہتھیار اٹھا کر اسرائیلی فوج سے جنگ لڑی اور اس کا مقابلہ کیا۔‘

العربیہ کی رپورٹ کے مطابق خلیل الحیہ نے اپنے ویڈیو بیان میں مزید کہا کہ ’ہم طوفان الاقصیٰ کی جنگ کے کمانڈر یحییٰ السنوار کی شہادت پر سوگ کا اعلان کرتے ہیں‘۔

انہوں نے کہا کہ حماس پوری فلسطینی سرزمین پر مشتمل فلسطینی ریاست کے قیام، القدس کو اس کا دارالحکومت بنانے اور مکمل آزادی تک جنگ جاری رکھے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ غزہ میں جنگ بندی کے بغیر یرغمال اسرائیلیوں کی واپسی نہیں ہوگی، اسرائیل کو ہر صورت میں جنگ روکنے کے ساتھ غزہ سے فوج کو نکالنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ سنوار نے جیل سے نکلنے کے بعد اپنی سخاوت اور ایثار کا سلسلہ جاری رکھا، یہاں تک کہ وہ جام شہادت نوش کر گئے، یحییٰ سنوار بانی شیخ احمد یٰسین کے نقش قدم پر چلنے والے عظیم شہدا کے کارواں کا تسلسل ہیں۔

ادھر حماس کے رہنما باسم نعیم نے جمعے کو ایک بیان میں کہا ہے کہ حماس کو ختم نہیں کیا جا سکتا، ’اے ایف پی‘ سے گفتگو میں یحییٰ سنوار کی شہادت کی تصدیق کیے بغیر ان کا کہنا تھا کہ ’ایسا لگتا ہے کہ اسرائیل کا خیال ہے کہ ہمارے رہنماؤں کو قتل کرنے کا مطلب ہماری تحریک اور فلسطینی عوام کی جدوجہد کا خاتمہ ہے‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’حماس ایک آزادی کی تحریک ہے جس کی قیادت میں لوگ آزادی اور وقار کی تلاش میں ہیں اور اسے ختم نہیں کیا جا سکتا‘۔

انہوں نے اسرائیل کے ہاتھوں شہید ہونے والے حماس کے سابق رہنماؤں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’ہر بار حماس تحریک مضبوط ہوئی ہے اور ہر بار اس کی مقبولیت میں اضافہ ہوا ہے‘۔

دریں اثنا حماس کے عسکری بازو عزالدین القسام بریگیڈ نے بھی اپنے شہید قائد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یحییٰ سنوار پیٹھ دکھانے کے بجائے دشمن کا مقابلہ کرتے ہوئے شہید ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا تھا کہ حماس کے سربراہ یحیٰ سنوار بدھ کو جنوبی غزہ میں اسرائیلی فوج کے ساتھ جھڑپ میں شہید ہوگئے ہیں، اسرائیلی فوج نے گزشتہ روز یحییٰ سنوار کی شہادت سے قبل کے آخری لمحات کی ڈرون فوٹیج بھی جاری کی تھی۔

واضح رہے کہ حماس کے سابق سربراہ اسمٰعیل ہنیہ کی ایران میں کیے گئے مبینہ اسرائیلی حملے میں شہادت کے بعد یحییٰ سنوار کو 6 اگست 2024 کو حماس کا سیاسی سربراہ مقرر کیا گیا تھا۔

حماس کے سیاسی دفتر کے سابق سربراہ اسمٰعیل ہنیہ 31 جولائی 2024 کو ایران کے دارالحکومت تہران میں اسرائیلی بم حملے میں شہید ہوگئے تھے۔

اسمٰعیل ہنیہ کو نومنتخب ایرانی صدر کو تقریب حلف برداری کے لیے تہران مدعو کیا گیا تھا جہاں ایک عمارت میں اسرائیل کی جانب سے نصب کیے گئے بم کے ذریعے اسمٰعیل ہنیہ کو نشانہ بنایا گیا تھا۔