دنیا

ڈونلڈ ٹرمپ کی ریلی سے اسلحہ بردار شخص گرفتار کیا گیا ہے، امریکی حکام کا دعویٰ

49 سالہ ویم ملر لاس ویگاس، نیواڈا کا رہائشی ہے جو جعلی نمبر پلیٹ والی ایس یو وی میں سوار تھا، پولیس

ریپبلکن پارٹی کے امیدوار اور سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ریلی کے قریب پولیس نے ایک امریکی شہری کو بھاری بھرکم ہینڈ گن، شاٹ گن اور گولیوں سے بھرے میگزین کے ساتھ گرفتار کرلیا۔

ترک خبر رساں ادارے ’انادولو‘ کی رپورٹ کے مطابق 49 سالہ اسلحہ بردار شخص کی شناخت ویم ملر کے نام سے ہوئی ہے جو لاس ویگاس نیواڈا کا رہائشی ہے۔

حکام کے مطابق ویم ملر کو ریلی کے قریب ایک چیک پوسٹ پر بھاری بھرکم بندوق اور گولیوں سے بھری ہینڈ گن میگزین برآمد ہونے پر بغیر کسی مزاحمت کے حراست میں لیا گیا۔

تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ اس واقعے سے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ یا تقریب کے شرکا کی سیکیورٹی پر کوئی اثر نہیں ہوا۔

ریورسائیڈ کاؤنٹی شیرف چیڈ بیانکو نے رپورٹرز کو بتایا کہ ویم ملر انتہائی دائیں بازو کی حکومت مخالف موومنٹ جسے ’ آزاد شہری’ کے نام سے جانا جاتا ہے اس سے تعلق رکھتا ہے۔

چیڈ بیانکو نے بتایا کہ پولیس نے سابق امریکی صدر پر تیسرا حملے کی کوشش کو ناکام بنایا ہے۔

پولیس کے مطابق ویم ملر کو چیک پوائنٹ پر روکے جانے کے بعد ان کی گاڑی سے متعدد پاسپورٹ اور ڈرائیونگ لائسنس بھی برآمد ہوئے ہیں۔

پولیس کا مزید کہنا ہے کہ ملزم ویم ملر سیاہ رنگ کی جعلی نمبر پلیٹ والی ایس یو وی میں سوار تھا جس سے ہینڈ گند اور شاٹ گن کی گولیاں بھی برآمد کی گئیں۔

تاہم ویم ملر کو ریاستی عدالت میں آتشی اسلحے کے الزامات پر مقدمے کی سماعت سے قبل رہا کر دیا گیا ہے، چیڈ بیانکو نے کہا کہ ملزم پر عائد ہونے والے کسی بھی اضافی چارجز کو وفاقی حکام پر چھوڑ دیا جائے گا۔

ایک مشترکہ بیان میں فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن (ایف بی آئی)، امریکی محکمہ انصاف، اور یو ایس سیکرٹ سروس نے ہفتے کو ہونے والی گرفتاری کو تسلیم کیا اور کہا کہ اس وقت تک وفاقی سطح کی کوئی گرفتاری نہیں کی گئی، تاہم تفتیش جاری ہے۔

واضح رہے کہ جولائی میں پینسلوینیا میں ڈونلڈ ٹرمپ کو گولی لگنے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے انتخابات سے قبل ان کی ریلیوں کے دوران سیکیورٹی میں نمایاں اضافہ کیا ہے۔

اس سے قبل ستمبر میں سابق امریکی صدر کے ویسٹ پام بیچ کے گولف کورس کے باہر ایک اسلحہ بردار شخص کو گرفتار کرکے حکام نے ان پر حملے کی دوسری کوشش کو ناکام بنایا تھا۔