پاکستان

دہشت گردی پاک چین دوستی پر حملہ ہے، چینی حکام سے رابطے میں ہیں، دفتر خارجہ

ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے پرعزم ہیں، دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو نہیں چھوڑیں گے، ممتاز زہرہ بلوچ کی نیوز بریفنگ

دفتر خارجہ نے کراچی میں چینی شہریوں پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے چین کے ساتھ ملکر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے نیوز بریفنگ میں کہا کہ چینی شہریوں پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں، واقعے پر چینی حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں، حملے میں 2 چینی انجینئرز کی جانیں گئیں اور ایک زخمی ہوا۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی کارروائی پاکستان اور چین کی پائیدار دوستی پر حملہ ہے، سیکیورٹی فورسز دہشت گردوں، سہولت کاروں کو پکڑنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گی، حملے میں ملوث افراد کو ضرور سزا ملےگی۔

ترجمان نے کہا کہ سیکورٹی فورسز دہشت گردوں اور سہولت کاروں کو پکڑنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے، مجید بریگیڈ سمیت اس بزدلانہ حملے کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے پرعزم ہیں۔

ممتاز زہرہ بلوچ نے کراچی ایئرپورٹ کے قریب دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہم چینی اور پاکستانی دونوں متاثرین کے خاندانوں سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں جب کہ واقعے میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کرتے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اپنے چینی بھائیوں کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا، قانون نافذ کرنے والے ادارے مجرموں اور ان کے سہولت کاروں کو منتقی انجام تک پہنچائیں گے۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان اور چین قریبی شراکت دار اور آہنی بھائی ہیں، وزارت خارجہ ہم آہنگی اور سہولت کے لیے چینی سفارت خانے کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان چینی شہریوں، منصوبوں اور پاکستان میں اداروں کی حفاظت اور سلامتی کے لیے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتا ہے۔

’اسرائیل مسلسل جنگی جرائم کررہا ہے‘

ممتاز زہرہ بلوچ کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی غزہ پر جاری جنگ کو ایک سال ہوگیا ہے، اس دوران اسرائیل نے مقامی آبادیوں، اسکولز اور ہسپتالوں کو نشانہ بنایا، اسرائیل مسلسل جنگی جرائم کررہا ہے جب کہ ہم نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل پر زور دیا ہے کہ امن کے لیے اقدامات کرے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر ملائشیا کے وزیر اعظم نے پاکستان کا دورہ کیا، انہوں نے صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقاتیں کی، جو بہت مفید رہی۔

ترجمان کے مطابق سعودی اعلی سطح کا وفد 9 سے 11 اکتوبر تک پاکستان کا دورہ کرے گا، سعودی وفد وزیر اعظم اور صدر مملکت سے ملاقاتیں کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ افغان عبوری حکومت کو عالمی برادری سے کیے وعدے پورے کرنے ہوں گے۔

واضح رہے کہ کراچی میں رات گئے انٹرنیشنل ایئر پورٹ سگنل کے قریب آئی ای ڈی دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 2 غیر ملکی سمیت 3 افراد ہلاک اور 17 افراد زخمی ہوگئے جب کہ دھماکے سے متعدد گاڑیاں بھی جل کر تباہ ہوگئیں۔

کراچی ایئرپورٹ کے قریب دھماکے کی تحقیقات میں اہم تفصیلات سامنے آگئیں

کراچی ایئرپورٹ کے قریب دھماکا، 2 چینی شہریوں سمیت 3 ہلاک، 17 افراد زخمی

کراچی حملے میں ملوث عناصر پاکستانی نہیں ہوسکتے، یہ ملک دشمن ہیں، وزیراعظم