دنیا

اسرائیل میں بس اسٹیشن پر فائرنگ، خاتون ہلاک، 10 افراد زخمی

اسرائیلی سیکیورٹی فورسز گزشتہ سال اسرائیل پر حماس کے حملے کا ایک سال مکمل ہونے کے موقع پر فلسطینی حامیوں کی جانب سے ممکنہ حملوں کے پیش نظر ہائی الرٹ ہیں۔

اسرائیلی شہر بیر شیبہ کے بس سٹیشن پر اسلحہ بردار شخص نے فائرنگ کر کے ایک خاتون کو ہلاک اور 10 افراد کو زخمی کر دیا جبکہ حملے کے باعث سیکیورٹی فورسز الرٹ ہیں۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی رائٹرز نے ایمبولینس سروس کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ فائرنگ کرنے والے مبینہ ملزم کو ہلاک کردیا گیا ہے جبکہ جائے وقوع پر موجود عینی شاہد نے این 12 نیوز کو بتایا کہ اس نے فوجیوں کو حملہ آور پر فائرنگ کرتے ہوئے دیکھا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ہلاک ہونے والے حملہ آور کے بارے میں میڈیا نے بتایا ہے کہ وہ اسرائیل کے نیگیو صحرا میں رہنے والی بدو اقلیت کا رکن تھا۔

پولیس نے فائرنگ کے واقعے کو دہشت گردی کی کارروائی قرار دیا ہے تاہم انہوں نے حملہ آور کی شناخت کے حوالے سے کوئی معلومات فراہم نہیں کی۔

اسرائیلی سیکیورٹی فورسز گزشتہ سال جنوبی اسرائیل پر حماس کے حملے کا ایک سال مکمل ہونے کے موقع پر فلسطینی حامیوں کی جانب سے ممکنہ حملوں کے پیش نظر ہائی الرٹ ہیں۔

واضح رہے کہ غزہ میں اسرائیلی مظالم کے نتیجے میں اب تک 41 ہزار 870 فسلطینی شہید ہوچکے ہیں۔