پاکستان

اقوام متحدہ میں نیتن یاہو کی تقریر کے دوران پاکستان کا احتجاجاً واک آؤٹ

اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو کا خطاب شروع ہوتے ہی پاکستان نے غزہ میں اسرائیلی مظالم کے خلاف تقریر سے احتجاجاً واک آؤٹ کیا۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو کے خطاب کے لیے آنے پر پاکستان سمیت کئی ممالک کے وفد نے غزہ میں جاری اسرائیلی مظالم کے خلاف احتجاجاً تقریر سے واک آؤٹ کیا۔

شہباز شریف اپنی تقریر ختم کر کے نشست پر پہنچے تو اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو خطاب کے لیے پوڈیم پر آئے لیکن اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف سمیت پاکستانی وفد نے احتجاجاً اجلاس سے واک آؤٹ کیا۔

اس کے علاوہ فلسطین کے حامی دیگر کئی ممالک کے وفود نے بھی نیتن یاہو کی تقریر سے احتجاجاً واک آؤٹ کیا اور باہر چلے گئے جبکہ فلسطین کا وفد بھی اپنی نشست پر اس دوران موجود نہیں تھا۔

تقریر کے دوران کچھ لوگوں نے شور کر کے اپنا احتجاج ریکارڈ کرانے کی کوشش بھی کی لیکن ایوان میں موجود سیکیورٹی افسران نے انہیں چپ کرا دیا۔

دوسری جانب تقریر کے موقع پر حماس کی جانب سے یرغمال بنائے افراد کے خاندان کے لوگ بھی ہال میں موجود تھے جنہوں نے نیتن یاہو کا کھڑے ہو کر تالیوں سے استقبال کیا۔