ادیتی راؤ حیدری نے شادی کی تصدیق کردی
بولی وڈ کی ابھرتی ہوئی اداکارہ ادیتی راؤ حیدری نے خاموشی سے شادی کرنے کے تقریبا 6 ماہ بعد رشتہ ازدواج میں بندھنے کی تصدیق کردی۔
ادیتی راؤ حیدری اور سدھارتھ سوریا نارائن منگل نے مارچ 2024 میں خاموشی سے شادی کی تھی اور اس وقت بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ دونوں نے شادی کی تقریب انتہائی خفیہ رکھی۔
شادی کے 6 بعد اب ادیتی راؤ حیدری اور سدھارتھ سوریا نارائن منگل نے انسٹاگرام پر شادی کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ دونوں رشتہ ازدواج میں بندھ گئے۔
دونوں نے شادی کی تصاویر انسٹاگرام پر شیئر کرتے ہوئے واضح طور پر نہیں بتایا کہ ان کی شادی کب ہوئی، تاہم دونوں نے ایک دوسرے کو جیون ساتھی کے طور پر لکھا۔
بھارتی نشریاتی ادارے ایشین نیوز انٹرنیشنل (اے این آئی) کے مطابق دونوں نے 16 ستمبر کوتلنگانہ کے تاریخی مندر میں اہل خانہ کی موجودگی میں شادی کی۔
حیران کن طور پر اس سے قبل مارچ میں بھی بھارتی میڈیا نے بتایا تھا کہ دونوں نے تلنگانہ کے تاریخی مندر میں شادی کرلی۔
اب بھارتی میڈیا نے بعض رپورٹس میں بتایا ہے کہ ادیتی راؤ حیدری نے مارچ 2024 میں شادی نہیں بلکہ منگنی کی تھی۔
ادیتی راؤ حیدری اور سدھارتھ سوریا نارائن منگل کی یہ دوسری شادی ہے، دونوں کی پہلی شادیاں طلاق پر ختم ہوئی تھیں۔
ادیتی راؤ حیدری کی پہلی شادی اداکار ستیہ دیپ مشرا سے ہوئی تھی،جو کچھ ہی عرصے بعد طلاق پر ختم ہوئی۔
اسی طرح سدھارتھ سوریا نارائن نے 2003 میں پہلی شادی کی تھی، ان کی بھی 2007 میں طلاق ہوگئی تھی۔