دنیا

عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی، 9ماہ کی کم ترین سطح پر آ گئیں

برینٹ کروڈ کی قیمت 4.9فیصد یا 3.8ڈالر فی بیرل کمی کے بعد 73.71ڈالر فی بیرل کی سطح پر آ گئیں جو گزشتہ سال دسمبر کے بعد تیل کی سب سے کم قیمت ہے۔

عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں 5 فیصد کمی کے بعد 9 ماہ کی کم ترین سطح پر آ گئی ہیں اور قیمت 73.71 ڈالر کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق تیل کی قیمتوں میں ہونے والی اس حالیہ کمی کی وجہ لیبیا میں پیداوار اور برآمدات پر عائد پابندی اور اس حوالے سے جاری تنازع کے حل میں پیشرفت ہے۔

دوپہر ایک بجکر 17 منٹ پر برینٹ کروڈ کی قیمت 4.9فیصد یا 3.8ڈالر فی بیرل کمی کے بعد 73.71ڈالر فی بیرل کی سطح پر آ گئیں جو گزشتہ سال دسمبر کے بعد تیل کی سب سے کم قیمت ہے۔

اس کے علاوہ ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کروڈ کی قیمت بھی 4.2فیصد یا 3.25ڈالر فی بیرل کمی کے بعد 70.3 ڈالر فی بیرل کی سطح پر آ گئی ہے جو جنوری کے بعد اس کی سب سے کم قیمت ہے۔

ان قیمتوں میں کمی کی وجہ لیبیا میں جاری تنازع کا حل ہے جس کے لیے لیبیا کے قانون ساز اداروں نے 30دن کے اندر سینٹرل بینک کا نیا گورنر مقرر کرنے پر رضامندی ظاہر کی۔

لیبیا کے حریف گروپوں میں مفاہمت کی پیشرفت پر تیل کی عالمی قیمت میں کمی واقع ہوئی اور تنازع حل ہونے کے بعد لیبیا میں تیل کی پیداوار اور برآمدات شروع ہوسکیں گی۔

جیسے ہی مفاہمت کی خبریں آنا شروع ہوئیں تیل کی قیمتوں میں تیزی سے کمی آنا شروع ہوئی اور دن کے اختتام پر فی بیرل قیمت 73.71 کی سطح پر آ گئی۔