دنیا

غزہ میں جنگ بندی کی امید: انٹونی بلنکن مشرق وسطیٰ کے دورے پر روانہ

جنگ بندی کے مذاکرات کے دوران اسرائیلی فورسز کی جانب سے دیر البلاح پر وحشیانہ بمباری کی گئی جس کے نتیجے میں 7 فلسطینی شہید ہوگئے۔

امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن غزہ میں جنگ بندی کی کوششوں کو آگے بڑھانے کے لیے مشرق وسطیٰ کے دورے پر روانہ ہوگئے ہیں۔

عرب نیوز کی رپورٹ کے مطابق 7 اکتوبر کے بعد سے مشرق وسطیٰ کا نواں دورہ کرنے والے اعلیٰ امریکی سفارت کار اسرائیلی قیادت سے متوقع ملاقاتوں سے قبل تل ابیب جائیں گے۔

قطری دارالحکومت دوحہ میں مصر اور قطر کی ثالثی میں دو دن تک جاری رہنے والے مذاکرات کے بعد انٹونی بلنکن اینڈریوز ایئر فورس بیس سے مشرق وسطی روانہ ہوئے۔

امریکی حکام نے بتایا کہ انہوں نے پیش رفت کی ہے اور اسرائیل اور حماس کے درمیان خلیج کو ختم کرنے کے لیے ایک تجویز پیش کی ہے جس کے بعد قاہرہ میں آنے والے ہفتے کے آخر میں بات چیت دوبارہ شروع کی جائے گی۔

امریکی صدر بائیڈن کا کہنا تھا کہ ہم معاہدے پر پہنچنے کے قریب ہیں جبکہ ایک اہلکار نے بتایا کہ مذاکرات ’آخری مراحل‘ میں نہیں ہیں۔

افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی روایتی شرط پر بات کرتے ہوئے کہا کہ سفارت کار ایک عمل درآمد سیل قائم کر رہے ہیں تاکہ اگر یہ معاہدہ مکمل ہو جائے تو وہ تیزی سے آگے بڑھ سکیں۔

دوسری جانب جنگ بندی کے مذاکرات کے دوران اسرائیلی فورسز کی جانب سے دیر البلاح پر وحشیانہ بمباری کی گئی جس کے نتیجے میں 7 فلسطینی شہید ہوگئے۔

الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق وسطی غزہ کی پٹی کے دیر البلاح شہر میں ایک گھر پر اسرائیلی بمباری میں 6 بچوں سمیت 7 فلسطینی شہید ہو گئے ہیں۔

اس کے علاوہ وفا خبر رساں ایجنسی نے اطلاع دی ہے کہ غزہ پٹی کے شمال میں جبالیہ پناہ گزین کیمپ کے دو اپارٹمنٹس پر اسرائیلی طیاروں کی بمباری کے نتیجے میں کم از کم چار فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہو گئے۔

وفا نے مزید کہا کہ امدادی کارکنوں کو جائے وقوعہ پر ملبے تلے دبے افراد میں بچے اور خواتین بھی ملیں۔