کھیل

چیمپئنز ٹرافی 2025 تک قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کوئی کرکٹ نہیں ہوگی

پی سی بی کے پاس صرف کراچی، لاہور اور ملتان اسٹیڈیم کا مکمل اختیار ہے، بورڈ کو راولپنڈی اسٹیڈیم کا صرف ایڈمنیسٹریشن کنٹرول حاصل ہے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے اسٹیڈیم کی تزین وآرائش کی وجہ سے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کوئی بھی میچ نہ کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق پی سی بی کے پاس صرف 3 اسٹیڈیمز کا مکمل اختیار ہے، جن میں کراچی، لاہور اور ملتان اسٹیڈیمز شامل ہیں، جب کہ پی سی بی کے پاس راولپنڈی اسٹیڈیم کا صرف ایڈمنیسٹریشن کنٹرول ہے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ اس کے علاوہ فیصل آباد، شیخوپورہ سمیت ملک کے دیگر اسٹیڈیمز لوکل ایڈمنیسٹریشن کے زیر انتظام ہیں، جب کہ شیخوپورہ اور فیصل آباد کرکٹ اسٹیڈیم عالمی معیار کے مطابق نہیں ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ترقیاتی کام کی وجہ سے چیمپئنز ٹرافی تک قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کوئی کرکٹ نہیں ہوگی، جس کے بعد پی سی بی نے ڈومیسٹک کرکٹ کرانے کے لیے مختلف وینیوز پر غور کیا جارہا ہے۔

اس حوالے سے پی سی بی نے فیصل آباد کرکٹ اسٹیڈیم سے متعلق مقامی انتظامیہ سے رابطہ کیا ہے اور ڈومیسٹک کرکٹ کے لیے فیصل آباد اسٹیڈیم کو تیار کرنے کے لیے کوشاں ہیں کیوں کہشیخوپورہ اور فیصل آباد اسٹیڈیم ڈومیسٹک کرکٹ کے بھی قابل نہیں ہیں اور ان کی حالت انتہائی خراب ہے۔

دوسری جانب، پاکستان کرکٹ بورڈ نے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں تزین و آرائش اور ترقیاتی کام کی وجہ سے تماشائیوں کو بنگلادیش سیریز دیکھنے کی اجازت نہیں دی، تاہم پی سی بی انگلینڈ سیریز کیلئے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں تماشائیوں کو اجازت ملنے کیلئے پرامید ہے۔

پی سی بی نے کہا کہ کراچی ٹیسٹ کی ٹکٹوں کی فروخت معطل کردی گئی ہے، جن لوگوں نے ٹکٹ خرید لیے ہیں، ان کی رقم انہیں واپس کردی جائے گی۔