دنیا

ڈونلڈ ٹرمپ اور کاملا ہیرس 10 ستمبر کو پہلے مباحثے میں آمنے سامنے ہوں گے

اے بی سی نیوز کی میزبانی میں ہونے والا مباحثہ 5 نومبر کی صدارتی انتخابی مہم کا متوقع طور پر ایک اہم ترین لمحہ ہوگا جسے لاکھوں لوگ دیکھیں گے۔

امریکا کی نائب صدر اور نومبر کے الیکشن میں ڈیموکریٹک امیدوار کاملا ہیرس اور ان کے ری پبلکن حریف ڈونلڈ ٹرمپ نشریاتی ادارے ’اے بی سے‘ کی میزبانی میں 10 ستمبر کو صدارتی مباحثے میں شرکت کے لیے راضی ہو گئے ہیں۔

امریکی خبر رساں ادارے وائس آف امریکا کی رپورٹ کے مطابق ایک اور نشریاتی ادارہ این بی سی دونوں امیدواروں کی مہمات سے دوسرے ممکنہ مباحثے کو منعقد کرانے پر بات کر رہا ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ نائب صدارت کے ری پبلکن امیدوار جے ڈی وینس اور ڈیموکریٹک امیدوار ٹم والز کے درمیان ’سی بی ایس‘ نیوز مباحثے کی میزبانی کرے گا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے فوکس نیوز چینل پر 4 ستمبر کو ہونے والے مباحثے کی دعوت بھی قبول کر لی ہے، اس چینل کے کئی روایت پسند تجزیہ نگار ٹرمپ کے الیکشن کی حمایت کرتے ہیں، تاہم ہیرس نے اس مباحثے میں شرکت پر رضامندی ظاہر نہیں کی ہے۔

کاملا ہیرس اور ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان اے بی سی نیوز کی میزبانی میں ہونے والا مباحثہ 5 نومبر کی انتخابی مہم کا متوقع طور پر ایک اہم ترین لمحہ ہوگا، کئی لاکھ لوگ اس مباحثے کو دیکھیں گے، ان میں سے کچھ نے اس وقت تک ووٹ کے لیے اپنے من پسند امیدوار کا فیصلہ نہیں کیا ہوگا۔

عوامی جائزے ظاہر کرتے ہیں اس وقت دونوں صدارتی امیدواروں میں کانٹے کا مقابلہ ہے اور کاملا ہیرس شاید برتری حاصل کر رہی ہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ اور صدر جو بائیڈن کے درمیان جون میں ہونے والے مباحثے نے نئے صدر کے چناؤ کے سلسلے میں اہم کردار ادا کیا ہے، نئے امریکی صدر کی وائٹ ہاؤس کی چار سالہ مدت اگلے سال جنوری میں شروع ہو گی۔

81 سالہ بائیڈن 27 جون کو ہونے والے مباحثے میں بری طرح لڑکھڑاتے دکھائی دیے تھے، نہ تو وہ ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف بھرپور تنقید کر سکے اور نہ ہی اپنے ساڑھے 3 سالہ دور کا دفاع کرسکے۔

عوامی جائزوں میں تنزلی اور ڈیموکریٹک ساتھیوں کی طرف سے دباؤ کے پیش نظر جو بائیڈن نے 21 جولائی کو صدارتی دور سے دست بردار ہونے کا اعلان کیا اور انہوں نے فوراً ہی کاملا ہیرس کی صدارتی امیدوار کے طور توثیق کر دی تھی۔

اگر 59 سالہ ہیرس الیکشن میں منتخب ہو جاتی ہیں تو وہ امریکا کی پہلی خاتون چیف ایگزیکیٹو ہوں گی، سابق صدر براک اوباما کے بعد دوسری سیاہ فام صدر، اور اس عہدے پر فائز ہونے والی پہلی بھارتی نژاد شخصیت ہوں گی۔

جب جو بائیڈن نے اپنی انتخابی مہم ختم کی تو وہ ٹرمپ کے مقابلے میں عوامی جائزوں میں 5 سے 6 فی صد پوائنٹس سے پیچھے تھے، ڈیموکریٹس نے جلد ہی کاملا ہیرس کی حمایت کی تھی۔

ملک میں ہونے والے متعدد جائزوں میں اب وہ ڈونلڈ ٹرمپ سے ایک فی صد پوائنٹ سے آگے ہیں تاہم سخت مقابلے کی امریکی ریاستوں میں کاملا ہیرس اب بھی ڈونلڈ ٹرمپ سے پیچھے ہیں، یہ ریاستیں ممکنہ طور پر الیکشن کے نتائج کا تعین کریں گی۔